کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) ولڈ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کی انتھک محنت اور کوششوں سے بیس سال کے طویل انتظار کے بعد بالآخر کراچی کے علاقے کشمیر روڈ پر جہانگیر خان اسپورٹس کلب کا افتتاح ہوگیا، اس موقع پر جے کے اسپورٹس کلب اور اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف سندھ (سجاس) کے تحت اسکواش رپورٹنگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، ورکشاپ میں سجاس کے ممبران و سینئر جرنلسٹس سمیت پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل اصغر عظیم نے شرکت کی، اسکواش کوچ نوید عالم نے اسکواش کے کھیل میں پوائنٹس اسکورنگ سمیت اس کھیل کے قوانین پر لیکچر دیا۔ ورکشاپ کے دوران اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا کہ جے کے اسپورٹس کلب میرے خوابوں کی تعبیر ہے، ہر وہ کھلاڑی جو چیمپئن بننے کی خواہش اور صلاحیت رکھتا ہے اسے جے کے اسپورٹس کلب کی سہولت مفت حاصل ہوگی، اسپورٹس جرنلسٹس اور میرا جنم جنم کا ساتھ ہے میری کامیابی میں اسپورٹس جرنلسٹس کا کردار ناقابل فراموش ہے، نوجوانان اسپورٹس جرنلسٹس میں اسکواش کے بارے میں جاننے اور اس کے قوانین کے بارے میں جاننے کی لگن دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، سجاس کے صدر محمود ریاض کا کہنا تھا کہ ورکشاب کا مقصد ینگ جرنلسٹس کو اسکواش کے قوانین اور رپورٹنگ کے حوالے سے تربیت فراہم کرنا تھا،سجاس کے سیکریٹری شاہد عثمان ساٹی نے کہا کہ ورکشاپ میں ینگ جرنلسٹس کو اسکواش کے عروج زوال جاننے کے ساتھ قوانین سے آگاہی کا بھی موقع ملا، درحقیقت معیاری رپورٹنگ کی بنیاد کھیل کے قوانین سے آگاہی میں ہے،ورکشاپ کے اختتام پر ورلڈ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان اور پی ایس ڈبلیو ایف کے سیکریٹری جنرل اصغر عظیم نے سجاس کے صدر محمود ریاض اور سیکریٹری شاہد ساٹی کے ہمرہ شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے، سجاس کی جانب سے جہانگیر خان کو پھولوں کا گلدستہ، سندھ کی محبتوں سے بھری ثقافت اجرک اور ٹوپی کے ساتھ یادگار شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔
Home / اہم خبریں / سجاس کا جے کے اسپورٹس کلب کے اشتراک سے اسکواش رپورٹنگ ورکشاپ کا انعقاد، اسپورٹس جرنلسٹس میں سیکھنے اور اسکواش کے بارے میں جاننے کی لگن دیکھ کر خوشی ہوئی۔ میرا اسپورٹس جرنلسٹس کے ساتھ جنم جنم کا رشتہ ہے، ورلڈ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان