اسلام آباد (بیورو رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں، جوہری ہتھیار صرف دفاع کیلئے ہیں- تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں رجیم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق قانون سازی کی ضرورت ہے- انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں جوہری عدم پھیلاؤ کا حامی ہے، پاکستان خطے کے تمام ممالک میں امن کا خواہشمند ہے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے- پاکستان جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہوگا- پاکستان کا جوہری پروگرام آئی اے ای سے کے قواعد کے مطابق ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر خطے میں تنازعہ کی بنیادی وجہ ہے، اقوام متحدہ کشمیر سمیت تمام عالمی تنازعات حل کروانےمیں کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سماجی شعبے کی ترقی کے لیے پرعزم ہے،عالمی امن کو لاحق خطرات سے مشترکہ طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔ پڑوسی ملک کے تجربات خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق بھی عالمی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ پاکستان جنوبی ایشیا میں تذویراتی استحکام کا حامی ہے۔ ایٹمی توانائی کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جا سکتا ہے۔
![]()