ریاض (مانیٹرینگ ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کورونا کیسز ریکارڈ پر آنے کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں 10 مساجدعارضی طور پر بند کردی ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے الدلم شہر میں مساجد و دعوت و رہنمائی امور کا ادارہ بند کیا ہے جہاں ڈائریکٹر اور چھ اہلکاروں میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔ وزارت نے ریاض میں دو روز کے دوران 5 مساجد بند کرائی ہیں ان میں سے تین حریملا کمشنری اور ایک، ایک الافلاج اور الدلم میں ہیں۔ وزارت نے باحہ میں ایک مسجد، مشرقی شہر دمام میں ایک مسجد اور حدود شمالیہ میں تین مساجد بند کرائیں جہاں نمازیوں اور مساجد کے بعض کارکنان کورونا سے متاثر ہوگئے تھے۔ وزارت اسلامی امور نے بیان میں کہا کہ مساجد کی بندش کا دورانیہ 24 سے 48 گھنٹے کا ہے اس دوران انہیں سینیٹائز کیا جائے گا۔ وزارت اسلامی امور نے مزید کہا کہ سینیٹائزنگ کے بعد یہ اطمینان حاصل کرنے پر کہ مسجد وائرس سے پاک ہوگئی ہے نمازیوں کے لیے کھولی جائے گی، اگر کسی مسجد کا امام یا موذن کورونا میں مبتلا ہوگا تو اس کی جگہ متبادل امام و موذن کا انتظام کیا جائے گا۔