Home / اہم خبریں / مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں کراچی کو نظر انداز کیا، اب مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔  اقبال ہاشمی چیف آرگنائزر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی

مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں کراچی کو نظر انداز کیا، اب مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔  اقبال ہاشمی چیف آرگنائزر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(نون) نے اپنے دور حکومت میں کراچی کو نظر انداز کیا اب مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ تیس سالوں میں تین بار اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے کراچی کی اہمیت کو تسلیم ہی نہیں کیا۔ کراچی کو ملک کا سب سے بڑا شہر ہونے کے باوجود چارٹر سٹی کا درجہ کیوں نہیں دیا گیا؟ جب وفاق میں مسلم لیگ (نون) کی حکومت تھی تب کراچی میں بجلی گھر کیوں نہیں بنائے گئے؟ مسلم لیگ (نون)، پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ، یہ سب ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں مسلم لیگ (نون) کے مرکزی وفد کی کراچی آمد پر دیئے گئے بیانات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اقبال ہاشمی نے کہا کہ مسلم لیگی قیادت کراچی آکر مگرمچھ کے آنسو بہانا بند کرے، جب تک مسلم لیگ (نون) اقتدار میں تھی تب تک کراچی کی اہمیت کو تسلیم کرنے سے انکاری تھی، کراچی کو لاوارث سمجھ کرنظر انداز کیا گیا۔ اب اچانک کراچی سے اتنی ہمدردی کس لئے دکھائی جارہی ہے؟ شاہد خاقان عباسی کو کراچی کے علاقے گولیمار میں عمارت گرنے کا دکھ ہو رہا ہے لیکن وہاں جانے کی زحمت مسلم لیگی وفد کو پھر بھی نہیں ہوئی، محض خالی خولی ہمدردی جتائی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ (نون) کے دور حکومت میں بھی کراچی شہر پر لٹیرہ شاہی، کے بی سی اے اور بلڈر مافیا کا راج رہا ہے، تب نہ کے بی سی اے کے خلاف کوئی کاروائی ہوئی اور نہ ہی کراچی میں کسی بھی غیر قانونی عمارت کی تعمیر کے خلاف کوئی آواز بلند ہوئی۔ نواز شریف اور ان کے ساتھیوں نے ساری توجہ صرف لاہو ر کو چمکانے پر مرکوز رکھی۔ اگر ملک کے سب سے بڑے میگا سٹی کراچی پر بھی اسی طرح توجہ دی جاتی تو آج کراچی یوں ویران، کھنڈر اور تباہ و برباد نہ ہوتا اور نہ ہی جھوٹی ہمدردی جتانی پڑتی۔ اقبال ہاشمی نے شاہد خاقان عباسی اور ان کے وفد کے بیانات پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ نواز شریف، زرداری، ایم کیو ایم اور ان کے کرپٹ ٹولے نے کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ یہاں کرپشن کا بازار گرم ہے، کراچی کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے۔وقت کا پہیہ گھومتا رہا، حکمران بدلتے رہے لیکن ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی حالت زار بد سے بد تر ہوتی چلی گئی۔ کراچی کے عوام طرح طرح کے دھوکے کھا کر اب باشعور ہوچکے ہیں۔ ووٹ کے ساتھ ساتھ شعور کو بھی استعمال کرتے ہوئے خدمت کی سیاست کو ہی منتخب کریں گے۔ کراچی کی ابتر صورتحال کی ذمہ دارمسلم لیگ (نون)، پی پی پی اور متحدہ قومی موومنٹ پر مشتمل یہی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں ہیں۔ ان تینوں سیاسی جماعتوں میں دیہات کے وڈیروں اور شہر کے لٹیروں، سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو صف اول میں جگہ دی جاتی ہے۔ جبکہ ان پارٹیوں کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچانے والے مخلص، نظریاتی، محب وطن اور محنتی ورکروں کو اقتدار میں پہنچ جانے کے بعد بری طرح دھتکار دیا جاتا ہے۔ کراچی کے ساتھ سب سے زیادہ ناانصافی مسلم لیگ نون اور پی پی پی نے کی۔ اب پی ٹی آئی بھی انہی جماعتوں کے نقش قدم پر چل پڑی ہے۔ عروس البلاد، روشنیوں کا شہر اور غریب پرور شہر کہلانے والا شہر اب خود اپنے والی وارث کی تلاش میں ہے۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹٰی عام آدمی کی پارٹی ہے۔ عوام کی سچی خدمت کے لئے عام آدمی کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے اور کراچی کو دوبارہ اس کی رونقیں لوٹانے کے لئے عملی جدوجہد کی خاطر میدان میں اتری ہے اور بہت جلد کراچی کے عوام کا اعتماد حاصل کر کے مسائل کے عملی حل کی جانب کامیابیاں حاصل کرے گی۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایم ڈی اے وفد کا پریس کلب کا دورہ، رہائشی اسکیم میں مکمل تعاون کی یقین دہانی

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل یاسین …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے