Home / اہم خبریں / وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے 10 ارب روپے کی لاگت سے صوابی مردان روڈ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ 42 کلومیٹر طویل سڑک میں کل 11 فلائی اوور 1 انڈر پاس شامل

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے 10 ارب روپے کی لاگت سے صوابی مردان روڈ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ 42 کلومیٹر طویل سڑک میں کل 11 فلائی اوور 1 انڈر پاس شامل

صوابی (رپورٹ: اصغر خان) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع صوابی کا مصروف ترین دورہ جہاں پر انہوں نے متعدد منصوبوں کے ساتھ ساتھ 10 ارب روپے کی لاگت سے صوابی مردان روڈ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے پر تعمیراتی کام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ 42 کلومیٹر طویل سڑک میں کل 11 فلائی اوور ایک انڈر پاس شامل ہے، جسے سوات موٹر وے سے بھی منسلک کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے تحصیل ٹوپی میں 290 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے کیٹیگری سی ہسپتال، تحصیل رجڑ میں 480 ملین روپے کی لاگت سے کیٹیگری سی ہسپتال کالو خان کا سنگ بنیاد اور تحصیل ٹوپی میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج پر تعمیراتی کام کا بھی افتتاح کیا، جس پر آٹھ کروڑ روپے لاگت آئیگی۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل ٹوپی میں ریسکیو 1122 بلڈنگ پر تعمیراتی کام کا افتتاح بھی کیا جس پر 40.66 ملین روپے لاگت آئے گی۔ صوابی میں شیوہ اڈہ کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے عوامی مطالبے پر تولندئی اور یار حسین بائی پاس تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوامی لوگ ہیں اور عوام کے درمیان رہ کر ان کی خدمت کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی اور مخلصانہ پالیسیوں کی بنیاد پر دوبارہ ہمیں دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت دی ہے، جبکہ اس مرتبہ ہماری کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان تحریک انصاف 2023 میں پورے پاکستان میں اپنی حکومت قائم کرے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ صوبائی حکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے تمام محکموں میں عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد اصلاحات متعارف کرائی، جن سے آج صوبے کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ صحت انصاف کارڈ، ہسپتالوں اور اسکولوں میں سٹاف کی کمی، اسکولوں کی کارکردگی جانچنے کے لئے انٹیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کا قیام اور دیگر اصلاحات سے عوام مستفید ہورہے ہیں، جبکہ ہم اپنے اس دورِ حکومت میں انہی اصلاحات کو مزید مستحکم کریں گے۔ بہت جلد صحت انصاف کارڈ کی سہولت کی توسیع صوبے کی کل آبادی کو فراہم کر دی جائیگی اور ہماری کوشش ہے کہ یہ سہولت ہم اپنی عوام کو قومی شناختی کارڈ کے ذریعے مہیا کریں۔ اسی طرح صوبے کے ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی پوری کی جارہی ہے اور اگلے چند ہفتوں میں 400 مزید ڈاکٹروں کی بھرتیاں یقینی بنائی جائیگی۔ جبکہ ڈی ایچ اے اور آر ایچ اے ایکٹ کی بدولت صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے ہسپتالوں میں ڈاکٹر کی موجودگی یقینی بنائی جائیگی۔ اسی طرح موجودہ حکومت نے تعلیمی معیار کو بلند کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ قبائلی علاقہ جات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے پچھلی حکومت کی نسبت ایک بڑا صوبہ حوالے کیا گیا ہے جوکہ ہماری حکومت کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج تھا، تاہم ہم نے اپنی مثبت اور عوام دوست پالیسیوں کی بدولت نہ صرف قبائلی علاقہ جات میں تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کے پر امن انتخابات کرائے بلکہ ایک سال کے قلیل عرصے میں قبائلی عوام کو سو فیصد مفت صحت سہولیات، نوجوانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی، صوبائی محکموں اور عدالتوں کی قبائلی علاقہ جات تک توسیع، 28,000 خاصہ داروں کا پولیس فورس میں انضمام اور جلد اثرانداز ہونے والے پروگرام کے تحت سینکڑوں متعدد منصوبے متعار ف کرانے کے ساتھ ساتھ صوبائی اے ڈی پی سے 11 ارب روپے قبائلی علاقہ جات کی ترقی کیلئے فراہم کئے جو موجودہ حکومت کی سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر سینٹر ذیشان خانزادہ، سینٹر لیاقت خان ترکئی، سینئر منسٹر محمد عاطف خان، ایم این اے مجاہد خان، ایم این اے عثمان خان ترکئی، ایم این اے علی محمد خان، صوبائی وزیر شاہرام خان ترکئی، صوبائی وزیر عبدالکریم خان، ایم پی اے عامر فرزند، ایم پی اے افتخار مشوانی، ایم پی اے ملک شوکت، ایم پی اے عبد السلام آفریدی، ایم پی اے رنگیز خان اور دیگر پارٹی رہنماﺅں نے شرکت کی۔اپوزیشن پارٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اسلام، کچھ نے قومیت اور چند لوگوں نے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے لگا کر عوام کو ورغلایا اور قرضے لیکر ملک کے ہر بچے کو مقروض بنایا۔ اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے تمام کرپٹ سیاسی پارٹیوں کا باب بند کر دیا ہے اور اب ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ بہت جلد ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر انکشاف کیا کہ بہت جلد صوبے کے عوام کو کمپلینٹ درج کرنے، اپنے مسائل سے حکومت کو آگاہ کرنے اور کرپشن کی نشاندہی کرنے کیلئے ایک واٹس نمبر متعارف کرایا جائے گا جس پر عوام اپنی شکایات درج کر سکیں گے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ڈی جی آئی ایس پی آر کا واضح مؤقف: بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دینے کا عزم

اسلام آباد، (ویب ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے