ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود نے کہا ہے کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر کوئی محکمہ کامیاب نہیں ہوسکتا، خصوصاً جس کا تعلق براہ راست عوام کے ساتھ ہے جہاں پر پولیس کو شہریوں کو تعاون حاصل ہوجائے وہاں جرائم کی روک تھام بہت آسان ہوجاتی ہے، ڈیرہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم، ٹریفک سمیت دیگر مسائل کے لئے حل کے لئے عوام اور ان کے مشران کو آن بورڈ کرکے علاقہ میں امن کی فضا کے فروغ کا پرچار کرنا ہے۔ اس میں اہم چیز کمیونٹی انگیجمنٹ پروگرام ہے یہ ہمارے وژن کا حصہ ہے اسے ہم کمیونٹی پولیسنگ کہتے ہیں جوکہ کمیونٹی کو ترجیح دے کر ان کے مسائل ان کی زبانی سے جان کر ان پر اقدامات اٹھانے کا نام ہے۔ اس کے تصور کو آگے بڑھانے کے لئے متحرک سماجی تنظیموں کی ضرورت ہے۔ جس سے علاقے کے عوام کا تعاون بغیر کسی ردوبدل کے پولیس کو حاصل ہوجائے تو اس علاقہ میں جرائم کا خاتمہ نہایت آسان ہوتا ہے جوکہ نظر آئے گا۔ وہ گزشتہ روز اعجاز شہید پولیس لائن ڈیرہ میں اہل سنت والجماعت، اہل تشیع علمائے کرام، امن کمیٹی اورڈی آر سی کے ممبران
کے علاوہ صحافیوں سے تعارفی ملاقات کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی افتخار شاہ، سابق ایم پی اے عبدالحلیم قصوریہ، سہیل احمد اعظمی، قاری خلیل احمد سراج، ملک اکرام ایسر، حاجی عبدالرشید دھپ، محمد نواز محسود سمیت دیگر معززین کثیر تعداد میں موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افیسر کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کی نشاندہی کے لئے اہم رول عوام کا تعاون ہے جوکہ کمیونٹی انگیجمنٹ پلان کے ذریعے حاصل کریں گے اس سلسلے میں کھلی کچہریوں کا انعقاد، پبلک لیزان کونسل کو دوبارہ متحرک کیا جائے گا اور جو ہماری اصلاحی کمیٹیاں جن میں بالخصوص ڈی آر سی کہا جاتا ہے ان کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے علاقہ کے اندر پولیس کی مدد کے ساتھ وہ اہم مسائل حل کریں، اگر معاشرے میں کسی کا استحصال کیا جارہا ہو تو اس سوسائٹی کے اندر جاکر مسائل کو حلکرنے کا طریقہ کار وضع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی مقصد تمام مشران کی مشاورت سے اپنی پالیسی بتا کر پبلک آپریشن کو حاصل کرنا ہے سب سے اہم وژن علاقہ میں امن و امان کا فروغ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ کے دوران مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران ڈیرہ شہر کے تین اہم مسائل ابھر کر سامنے آئے ہیں جن میں منشیاف فروشی، سود خوری اور ٹریفک کے مسائل شامل ہیں۔ ان تینوں مسائل کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ٹریفک کے مسائل کے حل کے لئے مہذب شہری منظم ٹریفک کے نام سے مہم شروع کی جارہی ہے۔ ہمارا مقصد کسی کا کاروبار بند کرنا یا غریب کا استحصال ہرگز نہیں ہے بلکہ ہم چاہتے ہیں ایک نظام لایا جائے اس کے لئے سب سے پہلے عوام میں شعور اور آگاہی پر زور دیا جائے گا، لوگوں کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کرکے انہیں پیار و محبت سے آگاہی دی جائے گی جس سے بہتر تاثر جائے گا، اس میں تاجر برادری، ٹرانسپورٹر اور مشران کے تعاون سے علاقے کے روڈز اور بازاروں میں خوبصورتی کا تاثر دے کر جرائم کی روک تھام میں بھی اہم مقاصد حاصل کریں گے۔
![]()