کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) اردن میں آگ سے 13 پاکستانیوں کے جانبحق ہونے کا سندھ حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے وزارت خارجہ سے رابطہ کرلیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے سیکریٹری فارن افیئرز سہیل محمود سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے اردن میں پیش آنے والے سانحے کی تفصیلات لی۔ سیکریٹری فارن افیئرز نے بتایا کے 2 دسمبر کو رات کے وقت پاکستان کے صوبے سندھ کے ضلع دادو سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 13 لوگ جانبحق اور 3 زخمی ہوۓ ہیں۔ انہون نے بتایا کے عمان میں پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہیں اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے سیکریٹری فارن افیئرز سے کہا کہ اردن میں متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کی جائے اور سندھ حکومت کے ساتھ تمام تفصیلات بھی شیئر کی جائے۔ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دادو میں متاثرین کے لواحقین سے ملاقات کرکے صوبائی حکومت کے جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلائیں۔
![]()