تازہ ترین
Home / اہم خبریں / کراچی میں جاری میچز میں ناردرن کے سرمد بھٹی کی سنچری اور وقاص احمد کے 5 شکار، سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کے خلاف رنز کا انبار لگا دیا، بلوچستان کے عماد بٹ کی سنچری

کراچی میں جاری میچز میں ناردرن کے سرمد بھٹی کی سنچری اور وقاص احمد کے 5 شکار، سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کے خلاف رنز کا انبار لگا دیا، بلوچستان کے عماد بٹ کی سنچری

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں ناردرن کی پوزیشن مستحکم ہے۔ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر خیبر پختونخوا کی ٹیم پہلی اننگز میں 255 رنز کے خسارے کا شکار ہے جبکہ اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ سرمد بھٹی کی سنچری اور وقاص احمد کی عمدہ باؤلنگ نے میچ میں ناردرن کی گرفت مضبوط کردی ہے۔ منگل کے روز کھیل کے اختتام پر ناردرن کے 411 رنز کے جواب میں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنالیے ہیں۔ ناردرن کے فاسٹ باؤلر وقاص احمد 5 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ کپتان فخر زمان 66 رنز بناکر اب تک خیبر پختونخوا کے سب سے نمایاں بیٹسمین ہیں۔ ریحان آفریدی 19 اور مہران ابراہیم 2 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل ناردرن نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز سے دوسرے روز کا آغاز کیا تو سرمد بھٹی نے اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی اننگز کھیلی۔ ناردرن نے اپنی پہلی اننگز 106.4 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 411 رنز بناکر ڈکلیئر کردی تھی۔ خیبر پختونخوا کے اسپنر ساجد خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک اور کھیلے گئے میچ میں اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز بھی سنٹرل پنجاب کے بلے باز چھائے رہے۔ احمد شہزاد اور عبداللہ شفیق کے بعد عثمان صلاح الدین اور محمد سعد نے شاندار سنچریاں اسکور کرکے پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کا مجموعہ 597 تک پہنچا دیا۔ سنٹرل پنجاب کے کپتان احمد شہزاد نے 170 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 597 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ جواب میں سدرن پنجاب نے 1 وکٹ کے نقصان پر 23 رنز بنالیے ہیں۔ میچ کے دوسرے روز سنٹرل پنجاب کی جانب سے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والے عثمان صلاح الدین 114 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد سعد نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سدرن پنجاب کی جانب سے سلمان علی آغا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سدرن پنجاب کی جانب سے اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور 8 کے مجموعی اسکور پر اوپنر سمیع اسلم پویلین واپس لوٹ گئے۔ عمر صدیق 10 اور ذیشان اشرف 7 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 471 رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔ جواب میں سندھ نے 1 وکٹ کے نقصان پر 71 رنز بنالیے ہیں۔ 2 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز سے میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرنے والی ٹیم بلوچستان کی جانب سے عماد بٹ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ 106 رنز پر مشتمل ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ آصف ذاکر نے 53 رنز اسکور کیے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 107 رنز کی شراکت قائم کی۔ سندھ کی جانب سے میرحمزہ نے 4 اور سہیل خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سندھ کی پہلی وکٹ 7 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب عمیر بن یوسف تاج ولی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعد خرم منظور اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 64 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوچکی ہے۔ خرم منظور 40 اور سعود شکیل 30 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

Sindh Olympic Association⁠ Holds Grand Ceremony in Honour of Ms. Sana Ali

Karachi, (Zeeshan Hussain/Sports Reporter Sindh Olympic Association organized a prestigious and colorful ceremony at thعSindh …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے