Home / اسلام آباد / پاکستان کا متحدہ بانی کے بھارتی میڈیاکو انٹرویو پر اظہار تشویش، ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل

پاکستان کا متحدہ بانی کے بھارتی میڈیاکو انٹرویو پر اظہار تشویش، ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل

اسلام آباد (ویب ڈیسک) دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کی جانب سے بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دینے پر تشویش کا اظہار کردیا۔ جب کہ ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے بھارتی چینل کو انٹرویو کے معاملے پر کہا کہ اس کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس پر تفصیلی جواب دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیرگردش تھی، جس میں بانی ایم کیو ایم بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ اس انٹرویو میں انہوں نے آغاز میں بھارتی حکومت اوروزیراعظم نریندر مودی سے اپنے اور اپنے ساتھیوں کے لیے سیاسی پناہ کی درخواست کی۔ ساتھ ہی ایم کیو ایم کے بانی نے پاکستان اور ریاستی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی بھی کی تھی۔ یہی نہیں بلکہ الطاف حسین نے اپنے انٹرویو میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھی متنازع بات کی جبکہ اپنے بیان میں انہوں نے آزاد کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے خلاف الزامات کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ناروے کے ایک شہر میں قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کے واقعے پر مذمت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان دوسرے مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور دیگر مذاہب کے لوگوں کو بھی مسلمانوں کے جذبات و احساسات کا احترام کرنا چاہیے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یہ رپورٹس آئی تھیں کہ ناروے میں اسلام مخالف تنظیم کی ریلی کے دوران ایک شخص نے قرآن پاک کی مبینہ طور پر بے حرمتی کی کوشش کی تھی۔ بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ بھارتی حکومت فوری طور پر مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بحال کرے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور پابندیاں عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری جنرل کو خط ارسال کیا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادنہ کمیشن قائم کیا جائے جو وہاں کے حالات جانچ سکے۔ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت غیر قانونی جبری حراستوں اور گرفتاریوں کے حوالے سے اعداد و شمار موجود نہیں، بھارت نے بھی اس ضمن میں ایف آئی آر درج کرنا اور اعداد و شمار میڈیا کے سامنے لانے کا سلسلہ بند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خوراک کی قلت ہے، ہم اس معاملے کو بار بار اٹھا رہے ہیں کہ وہاں سے پابندیاں ختم کی جائیں۔ خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کا خاتمہ کردیا تھا، ساتھ ہی وہاں کرفیو، لاک ڈاؤن کردیا تھا۔ اس لاک ڈاؤن کو 100 روز سے زائد ہوچکے ہیں جبکہ وادی میں مواصلاتی رابطے بھی منقطع ہے، جس کی وجہ سے کشمیری محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے لاپتہ ہونے والے پاک فوج کے سابق کرنل حبیب ظاہر کے حوالے سے کہا کہ ان کی موت کا سرٹیفکیٹ دیکھا ہے جو بظاہر جعلی نظر آتا ہے۔کرنل حبیب کے اہل خانہ اور حکومت پاکستان ان کے حوالے سے پریشان ہیں۔کرنل حبیب 6 اپریل 2017 سے نیپال کے ضلع روپان دیہی میں واقع بدھ مت کے پیروکاروں کے مقدس ترین مقام لمبینی سے لاپتہ ہوئے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات پر سرد مہری کے حوالے سے کہا کہ اس بارے میں اطلاع نہیں ہے۔ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ ہمیں بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں ہے، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ سیاچن کے حوالے سے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے سیاچن پر زبردستی قبضہ کیا تھا، یہ ایک متنازع علاقہ ہے، بھارت اسے سیاحت کے لیے کیسے کھول سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ کرتار پور آنے کے لیے یاتریوں کے لیے بھارت کی جانب سے رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔کرتارپور راہداری سے متعلق کہا کہ اطلاعات ہیں کہ بھارت سے یاتریوں کی آمد میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی رکاوٹ نہیں، روزانہ 5 ہزار سکھ یاتریوں کی کرتارپور آنے کی گنجائش ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے گزشتہ ماہ سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے قریب بس حادثے میں 12 پاکستانیوں کی موت کی بھی تصدیق کی اور بتایا کہ ڈی این اے و دیگر کارروائی کے بعد اس کی تصدیق ہوسکی۔ مدینہ پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ کہ حادثہ مدینہ منورہ سے 170 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع حجرہ روڈ پر اس وقت پیش آیا جب نجی بس مسافروں کو لے کر جارہی تھی کہ راستے میں ایک لوڈر سے ٹکرا گئی۔ علاوہ ازیں بریفنگ کے دوران ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ گلگت بلتستان کو حقوق دینے کی بات ہے تاہم اسے کبھی بھی صوبہ بنانے کا منصوبہ نہیں بنایا گیا۔دوران بریفنگ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہالینڈ کی ملکہ کے دورہ پاکستان کے بارے میں بتایا کہ وہ 25 سے 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کریں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے سری لنکا کے نو منتخب صدر کو بھی مبارک باد دی اور کہا کہ امید ہے کہ ان کے دور اقتدار میں پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات بہتر ہوں گے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: 26 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے