ٹنڈو آدم (رپورٹ: رضوان احمد غوری) سودی معیشت اللہ کا عذاب ہے جس سے نجات اور شریعت کے نفاذ کے بغیر ملک و قوم مسائل کے دلدل سے نہیں نکل سکتے، رمضان جشن قرآن اور اسلامی فتوحات کا مہینہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی سندھ کے امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سودی معیشت اللہ کا عذاب ہے جس سے نجات اور شریعت کے نفاذ کے بغیر ملک و قوم مسائل کے دلدل سے نہیں نکل سکتے، رمضان جشن قرآن اور اسلامی فتوحات کا مہینہ ہے، جبکہ روزہ مسلمانوں کی روحانی تربیت کرتا ہے، پورا سال رمضان کی طرح گذارا جائے تو معاشرہ جنت اور انسان بہت سارے مسائل سے نجات حاصل کرسکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ٹنڈو آدم کے تحت منعقدہ عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ضلعی امیر رفیق احمد منصوری، عبدالعزیز غوری، مشتاق احمد عادل، امیر شہر حاجی نور حسن، عبدالغفور انصاری، عبدالستار انصاری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ مہنگائی و توانائی بحران کے خاتمے سمیت نوکریوں اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے، قرض نہ لینے کے دعویدار حکمرانوں نے دس ماہ میں بیرونی قرضہ لینے کے تمام ریکارڈ توڑ دیا ہے، ڈالر کی اڑان روپے کی بے قدری اور بے تحاشہ بیرونی قرضہ لیکر عملی طور پر ملک و قوم کو مالیاتی اداروں کے ہاں گروی رکھ دیا ہے، ان تمام مسائل سے نجات کا واحد راستہ قرآن و سنت کا نفاذ ہے، جس کیلئے جماعت اسلامی اپنے قیام سے جدوجہد کر رہی ہے، عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دیکر اپنا اور ملک کا مستقبل محفوظ بنایا جائے۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، پریس کلب ٹنڈو آدم کے صدر شیراز سموں، نائب صدر جاوید مصطفیٰ، جنرل سیکریٹری امداد راہی، وقاص یوسفزئی، عمر فاروق قریشی، غلام شبیر پنھور سمیت شہریوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
![]()