کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ چین نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان اور چین کی لازاوال دوستی کی روشن تاریخ دنیا کیلئے عمدہ ترین مثال ہے۔ چین ان دنوں خود مشکل حالات سے دوچار ہے لیکن پھر بھی اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کو نہیں بھولا۔ پاکستانی عوام چین کے اس جذبہ کی بھرپور قدر کرتے ہیں۔ اس کڑے وقت میں جب کہ ہر طرف پریشانی اور فکرمندی کا عالم ہے، پاکستان اور چین سچے دوستوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چین نے دوسرے ممالک کے برعکس پاکستانی طلباء کو اپنے ملک میں کورونا کیخلاف وہی بہترین سہولیات مہیا کیں جوکہ اپنے شہریوں کو دے رہا تھا۔ چین کا یہ اقدام قابل ستائش ہے کہ اس نے پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کرنے کے بجائے پناہ دی۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ حالات خواہ کیسے بھی رہے ہوں پاکستان اور چین نے ہمیشہ ہر حال میں اپنی دوستی نبھائی ہے۔ چین جب کورونا وائرس کی زد میں آیا تھا تو پاکستان کے صدر مملکت اور وزیر خارجہ نے چین کے دور ے سے خیر سگالی کا اظہار کر کے مثبت قدم اٹھایا تھا جس کے اثرات سی پیک منصوبے کی توسیع کی صورت میں بہت جلد نظر آ ئیں گے۔ پاکستان چین کے ساتھ دوستی سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ چین میں کورونا وائرس کے حملے کے بعد چین کی وزارت خارجہ نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی تھی کہ میڈیکل اشیاء کی فوری ضروت ہے لیکن متعدد ممالک نے چین کی مدد نہیں کی۔ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت نے فوری ضروری طبی اور حفاظتی آلات سے بھرا جہاز چین کی مدد کے لئے بھیجا تھا، آج چین نے بھی ایک خصوصی طیارے کے ذریعے طبی امداد، این 95 سرجیکل ماسک اور ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم پاکستان بھیج کر ثابت کردیا ہے کہ دونوں ممالک کسی بھی کٹھن وقت میں ایک دوسرے کی مدد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہر نئے دن کا طلوع ہونے والا سورج پاک چین دوستی کو مزید مضبوط اور توانا بنانے کا پیغام لے کر آتا ہے۔ الطاف شکور نے کہا کہ چین، پاکستان کا وہ منفرد دوست ہے جس نے شروع سے ہی پاکستانی معیشت، تجارت اور دفاع کو مضبوط کرنے کے لئے ہمیشہ تعاون کیا ہے۔ شاہراہ قراقرم سے لے کرگوادر پورٹ تک تمام ترقیاتی منصوبے چین کی مدد سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ الطاف شکور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین دوستی کے درمیان دراڑیں ڈالنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
![]()