کمالیہ (رپورٹ: ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی کمالیہ نوشین اسرار کا اسسٹنٹ کمشنر آفس میں 23 مارچ کے موقع پر علامہ اقبال کی پاکستان کے لیے جدوجہد کے حوالہ سے بنائی گئی یادگار (مونومنٹ) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر محمد نوید عالم چیئرمین اوورسز پاکستان ٹوبہ ٹیک سنگھ، تحصیلدار کمالیہ غلام دستگیر و پبلک ریلیشنز آفیسر بہادر علی بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی نوشین اسرار نے اپنے دفتر میں علامہ اقبال کے افکار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یادگار (مونومنٹ) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی نوشین اسرار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ یوم پاکستان ایک عہد کا دن ہے کہ ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے پاکستان کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح کی جدوجہد اور علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں وطن عزیز کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کا پیغام نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے، نوجوان اقبالؒ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ملک میں حقیقی معنوں میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔ علامہ اقبال نے صرف اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانان برصغیر میں جدوجہد آزادی کا شعور بیدار ہی نہیں کیا بلکہ خود بھی عملی جدوجہد میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا شمار دنیا کی ان عظیم ہستیوں میں ہوتا ہے جن کے کارنامے امت مسلمہ کیلیے ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے اپنی شاعری میں بھی محروم و مظلوم عوام کو فرسودہ نظام کے خلاف نبرد آزما ہونے، ظلم کے آگے نہ جھکنے اور حق و سچ کی جدوجہد کا پیغام دیا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ؒ کا آفاقی کلام کسی تعریف کا محتاج نہیں ہے اور ان کے پیغام پر عمل پیرا ہوکر ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکالا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعرِ مشرق علامہ اقبال ؒ مذہبی و فرقہ وارانہ نفرتوں اور تعصبات سے پاک تھے اور تمام مذاہب و عقائد کا احترام کرتے تھے جس کا ثبوت ان کے آفاقی کلام میں جابجا ملتا ہے۔
![]()