ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی شہر و گرد و نواح میں مچھروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ، صفائی کے نظام میں لاپرواہی اور مچھر مار سپرے نہ ہونے کی وجہ سے شہری کورونا وائرس کے خدشہ کے ساتھ دیگر وبائی امراض میں مبتلا ہونے لگے، عوامی و سماجی حلقوں کا ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان، ٹی ایم او ڈیرہ اسماعیل خان سے مچھر مار سپرے کروانے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت ختم ہونے کے ساتھ ہی ڈیرہ اسماعیل خان شہر و گرد و نواح میں مچھروں کی افزائش نسل میں اضافہ ہوگیا، شہر کے مرکزی مقامات سمیت اندرونی علاقوں کے خالی پلاٹوں، میدانوں میں گندگی وغلاظت کے ڈھیر اور بارشوں کی وجہ سے کھڑا پانی مچھروں کی افزائش نسل کی نرسریاں بن چکی ہیں، شہر کے گلی محلوں میں صفائی کی ابتر صورتحال کے باعث مچھروں کی افزائش نسل میں اضافہ ہو رہا ہے، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پہلے ہی کورونا وائرس کا شدید خدشہ ہے جس کے لئے انتہائی ہائی الرٹ کیا گیا ہے اور اس کی آگاہی کے لئے بھی اہتمام کیا جا رہا ہے لیکن دوسری جانب کہ شہر سمیت مضافاتی علاقوں کی صورتحال سے ناآشنا انتظامیہ مچھروں کے خاتمے کے لئے صفائی ستھرائی اور سپرے وغیرہ کا اہتمام نہیں کر رہے،انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے مچھر مار سپرے نہیں کیا جارہا جس کی وجہ سے کورونا وائرس کے خدشتہ کے ساتھ ساتھ ڈینگی مچھر سمیت دیگر حشرات والارض میں اضافہ ہورہا ہے جس سے شہریوں سمیت بچے، بوڑے، عورتیں موذی امراض سمیت ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں، اس صورتحال پر شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان، ٹی ایم او ڈیرہ اسماعیل خان سے شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں صفائی کا نظام بہتر بنانے اور مچھر مار سپرے کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
![]()