Home / اہم خبریں / ایران میں کرونا کے تیرہ ہزار سے زائد تصدیق شدہ کیسز ہیں، مزید پھیلنے کا خطرہ ہے۔ امریکہ ایران پر عائد پابندیاں ہٹائے۔ الطاف شکور

ایران میں کرونا کے تیرہ ہزار سے زائد تصدیق شدہ کیسز ہیں، مزید پھیلنے کا خطرہ ہے۔ امریکہ ایران پر عائد پابندیاں ہٹائے۔ الطاف شکور

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ ایران میں کرونا کے تیرہ ہزار سے زائد تصدیق شدہ کیسز ہیں، وبا کے مزید پھیلنے کا شدید خطرہ ہے۔ چھ سو سے زائد افراد اب تک اس وبا کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، ایران میں اس وبا سے نو عمر اور معصوم بچوں کے متاثر ہونے کا زیادہ خطرہ ہے۔ امریکہ ایران پر عائد پابندیاں ہٹائے تاکہ ایران بین الاقوامی مارکیٹ سے ٹیسٹ کٹ اور دوائیں خرید سکے۔اس کٹھن وقت میں دنیا اور بالخصوص مسلم امہ ایران کی بھرپور مدد کرے، آئی ایم ایف ایمرجنسی فنڈ سے ایران کو امداد دے۔ ایشین ڈیولپمنٹ بینک اور اسلامک بینک بھی مشکل کی اس گھڑی میں ایران کی مدد کریں۔ پاکستان برادر اسلامی ملک اور پڑوسی ہونے کے ناطے مصیبت کی اس گھڑی میں ایران کا ساتھ دے اور ڈاکٹروں کا رضا کار دستہ ایران بھیجے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں اگر دنیا نے ایران کا ساتھ نہ دیا تو کرونا کی وبا عالمگیر سطح پر مزید پھیل سکتی ہے۔ بین الاقوامی پابندیوں کے باعث ایران کو وائرس وبا سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایران میں کرونا وائرس کی سنگینی کے پیش نظر پاکستان سے طبی ماہرین اور احتیاطی سامان ایران بھیجا جائے۔ وبا سے نمٹنے کے لئے ایران اور پاکستان مشترکہ میڈیکل مشن بنائیں۔ ایران کے ساتھ طویل سرحد کی موجودگی اور آمدورفت کی وجہ سے پاکستان کے متاثر ہونے کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ وائرس کے ایران سے پاکستان منتقل ہونے کے خدشات کے پیش نظر ایرانی سرحد کی کڑی نگرانی کی جائے۔ سرحدوں اور ایئرپورٹس پر خصوصی انتظامات کے ذریعے وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ پورے ملک کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنے کے بجائے وائرس کے امکانی مقامات پر زیادہ فوکس کیا جائے۔ مشکل وقت میں اقوام عالم انسانیت کے ناطے ایران کا ساتھ دیں۔ کرونا سے جنگ صرف عالمی سطح پر ممکن ہے کیونکہ یہ وائرس سرحدوں کا پابند نہیں ہے۔ سیاسی اختلافات ختم کرنے کا یہ موزوں وقت ہے۔ ایران بھی اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے۔ وائرس کے عالمگیر اثرات کے پیش نظر اقوام متحدہ ہنگامی بنیادوں پر امدادی مشن ترتیب دے۔ عالمگیر وبائی مشکلات سے نمٹنے کے لئے عالمی تنازعات کو نظر انداز کر کے انسانیت کی بنیاد پر اقدامات کئے جائیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایم ڈی اے وفد کا پریس کلب کا دورہ، رہائشی اسکیم میں مکمل تعاون کی یقین دہانی

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل یاسین …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے