لاہور (سپورٹس ڈیسک) کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے مابین ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا 19 واں گروپ میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔ شہر میں دن بھر جاری رہنے والی بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان میچ مکمل نہ ہوسکا۔ میچ منسوخ ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز نے 16.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ مسلسل بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث امپائرز نے رات پونے گیارہ بجے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ ملتان سلطانز کی ٹیم 6 میچ کھیل کر 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے۔ میچ منسوخ ہونے کے باعث کراچی کنگز ایک پوائنٹ حاصل کرکے 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔ 7 مارچ بروز ہفتہ کو ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں دوپہر 2 بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی جبکہ لاہور قلندرز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں شام 7 بجےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔
![]()