Home / اہم خبریں / جن محکموں کے ترقیاتی کاموں میں کسی جگہ بھی کرپشن پائی گئی ان کے خلاف انکوائری کرکے اینٹی کرپشن کو لکھا جائے گا۔ کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام

جن محکموں کے ترقیاتی کاموں میں کسی جگہ بھی کرپشن پائی گئی ان کے خلاف انکوائری کرکے اینٹی کرپشن کو لکھا جائے گا۔ کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام

ایبٹ آباد (رپورٹ: عتیق سلیمانی) کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کو ہدایت کی ہے کہ وہ مارچ 2019 تا مارچ 2020 تک ایک سال کے دوران کئے گئے ترقیاتی کاموں کی چیکنگ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ناقص کام کی صورت میں متعلقہ محکموں سے ان کے معیار سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے۔ یہ ہدایت انہوں نے منگل کے روز کمشنر ہاؤس میں ہزارہ ڈویژن میں ترقیاتی سکیموں، مانسہرہ ناران جل کھڈ روڈ اور آر ٹی اے کے حوالے سے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد محمد مغیث ثناء اللہ، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر، ڈی سی ہری پور کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ڈی سی توغر یاسر خان، ای ڈی او ایجوکیشن، سی اینڈ ڈبلیو، ٹی ایم اے، ڈی ایچ او، ڈی ایم او، سیکرٹری آر ٹی اے، واسا کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام نے ترقیاتی محکموں کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنی اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے اور عوام کے ٹیکس کے پیسے کو ضائع نہیں کرنا چاہیے بلکہ حکومت یہ پیسہ عوامی فلاح اور ترقی پر خرچ کرنے کے لئے فراہم کرتی ہے اور مالی وسائل کا منصفانہ استعمال یقینی بنانے کے لیے حکومت نے باقاعدہ مستقل ادارے بنائے ہوئے ہیں جنہیں اپنی اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیم، صحت، مواصلات اور دیگر شعبوں میں غیر معیاری ترقیاتی کاموں کے نقائص دور کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کاموں کی خود نگرانی کریں اور جہاں جہاں مسائل ہیں ان کو فوری دور کریں۔ انہوں نے ٹی ایم اوز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ کریں، بازاروں کو صاف ستھرا بنا ئیں اور اپنے اداروں کی آمدن بڑ ھا نے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ وہ مسلسل غیر حاضر رہنے والے سٹاف کو نوکری سے برخاست کریں اورسٹاف کی حاضری کو یقینی بناتے ہوئے ضلع کی عوام کو صحت کی سہولیات بہم پہنچانے کی کوشش کی جائے اور باقاعدہ ہیلتھ پلان تیار کیا جائے جس میں سٹاف کی کمی اور نئے سٹاف اور ڈاکٹروں کی بھرتی شامل کی جائے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ حکومت اور عوام کے درمیان ایک رابطہ ہے جس کے لیے عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں ضلعی انتظامیہ کا اہم کردار ہے، ڈپٹی کمشنر اپنے اپنے اضلاع کے ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں اور متعلقہ محکموں کا اجلاس طلب کرکے رپورٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران اپنے اپنے اداروں کی خود نگرانی کریں اور جہاں جہاں مسائل ہیں ان کو فورا حل کریں جس کے لیے انتظامیہ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی سربراہان کے ساتھ اچھا تعلق رکھیں اور تمام ضلعی محکموں کے ساتھ رابطہ رکھیں۔ انہوں نے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ جہاں جہاں سڑکوں کی ناقص تعمیر ہوئی ہے ان کو فورا ٹھیکیدار سے ٹھیک کرواکر رپورٹ دیں اور جہاں جہاں زائد ادائیگی ہوئی ہے اس کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے ڈی سی ہری پور کو ہدایت کی کہ ڈی ٹائپ ہسپتال خانپور میں سٹاف کی کمی اور دیگر امور سے متعلق صوبائی سیکرٹری صحت کو لکھا جائے۔ انہوں نے ٹی ایم او بالاکوٹ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل بالاکوٹ کی تمام سکیموں سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جن محکموں کے ترقیاتی کاموں میں کسی جگہ بھی کرپشن پائی گئی ان کے خلاف انکوائری کرکے اینٹی کرپشن کو لکھا جائے گا۔ کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام نے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ بٹگرام کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ اجلاس میں متعلقہ سکیموں کو مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور اسکولوں کے فرنیچرز اور دیگر سامان کی خریداری میں مبینہ کرپشن کی باقاعدہ انکوائری ہو رہی ہے ڈی سی ہری پور اس انکوائری کو فورا مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں اور کرپشن میں ملوث افسران اور اہلکاروں سے ریکوری کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ کمشنر ہزارہ نے ضلع تورغر میں اسکولوں کے ناقص فرنیچرز کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ باقاعدہ انکوائری کروا کر رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے سیال یونین کونسل پاوا میں سڑک کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال پر سی اینڈ ڈبلیو کے متعلقہ ایس ڈی او اور سب انجینئر کا نام اینٹی کرپشن کو دینے کی ہدایت بھی کی۔ آر ایچ سی شیروان کی بلڈنگ اور ڈی ٹائپ ہسپتال اوگی کی بلڈنگ کی تعمیرات میں فنڈز کی کمی کے حوالے سے کمشنر ہزارہ نے سیکرٹری صحت اور پی این ڈی کو لکھنے کی ہدایت جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کسی ادارے کی کوئی اونرشپ نہیں لیتا تو وہ ادارہ تباہ ہوجاتا ہے۔ ہم سب نے اپنے اپنے اداروں کی اونر شپ لے کر ان میں بہتری لانی ہوگی۔ تمام ترقیاتی کاموں کی نگرانی کرتے ہوئے ان کو ٹینڈر کے مطابق مکمل کریں تاکہ عوام کے مسائل کم ہوں ہمیں کوالٹی آف ورک چاہیے اس لیے محکمے اپنی اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے