کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے آٹھویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے 124 رنز کا ہدف 31 گیندوں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے تجربہ کار باؤلر سہیل تنویر نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئےمحض 13 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر پشاور زلمی کو 18.3 اوورز میں 123 رنز پر ڈھیر کردیا۔ مہمان ٹیم کے محض تین بلے باز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکیں نوجوان کرکٹر حیدر علی 27 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 47 رنز کی اننگز کھیل کر پشاور زلمی کے سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ لیام ڈاسن 22 اور کامران اکمل 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد الیاس اور محمد عرفان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں رائیلی روسو اور خوشدل شاہ کے درمیان 77 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے ملتان سلطانز کو فتح دلادی۔ رائیلی روسو 49 اور خوشدل شاہ 43 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کھلاڑیوں کی انفرادی اننگز میں مجموعی طور پر 11 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں میچ میں شاندار باؤلنگ کرنے پر سہیل تنویر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
![]()