ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ اسماعیل خان سمیت کئی شہروں میں دھند کا راج، شہریوں کو اہم ہدایت نامہ جاری ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے کئی شہروں میں دھند کا راج برقرار ہے، قومی شاہراہ پر حد نگاہ 50 میٹر، موٹر وے ایم تھری، فور کو بند کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کر دی۔ ڈیرہ اور گرد و نواح میں دھند کی دبیز چادر پھیل گئی، شہر کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں شدید کہر کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں دھند سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ قومی شاہراہ پر حد نگاہ 50 میٹر رہ گئی، ذرائع کے مطابق موٹر وے کے بعض مقامات پر حد نگاہ صفر ہونے کے سبب ایم تھری اور فور کو بند کر دیا گیا، ٹریفک پولیس نے شہریوں کو دوران سفر فوگ لائٹس کے استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے پیر کی صبح ریکارڈ کیے جانے والے درجہ حرارت کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی رہے گی۔
![]()