ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) پاکستان زندہ باد موومنٹ کے مرکزی صدر شیراز مغل نے لوئر دیر اور لکی مروت میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت اور لوئر دیر میںدو پولیس اہلکاروں کی شہادت اور لکی مروت زخمی ہونے والے اہلکاروں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ کاروائیوں میں تیزی ظاہر کرتی ہے کہ ملک دشمن عناصر ایک بار پھر سر اٹھانے کی سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں جنہیں پوری قوت سے کچلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے جسے نتیجہ خیز بنانے کے لیے ان مذموم عناصر کو بھی قانون کے شنکجے میں لانا ضروری ہے جو انتہا پسندی کے فروغ میں سہولت کار کا کردار ادا کررہے ہیں۔ شیراز مغل نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت بھرپور آپریشن کرتے ہوئے ملک دشمنوں کے خلاف گھیرا تنگ کر کے ملک میں امن لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا پولیو ٹیم کے ورکر ملک و قوم کے لیے قابل احترام ہیں جو اپنے آج کو ہمارے کل پر قربان کر رہے ہیں۔ صحت مند پاکستان کے لیے ان کی قربانیوں پر پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو محفوظ پناہ گاہ تصور کرنے والے دہشت گردوں کو اب سر چھپانے کی کوئی جگہ میسر نہیں۔ اب ان کا انجام بہت نزدیک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے کے جراتمندانہ کردار کی بدولت کسی کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں رہے گی۔
![]()