کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان فردوس عاشق اعوان کے پیچھے چھپنے کے بجائے خود سامنے آئیں، عثمان بزدار جیسے کٹھ پتلی کو وزیراعلی بنانے والے ملک کے قابل ترین چیف منسٹر مراد علی شاہ پر تنقید کرتے اچھے نہیں لگتے، بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی کے نام پر ووٹ لینے والے کراچی کو عملی طور پر ایک روپے کا ترقیاتی بجٹ نہ دے سکے آصف زرداری کو چھ ماہ قید میں رکھ کر الزامات ثابت نہ کرسکنے والے اپنی زبانوں کو لگام دیں پورا پاکستان جانتا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نظریات نہیں بلکہ اقتدار کیلئے سیاست کرتی ہیں، بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی میں آنے کے بعد فردوس عاشق اعوان کے خلاف نیب کی تحقیقات بند ہونا سوالیہ نشان ہے اگلے انتخابات تک محترمہ کے بیانات پیپلز پارٹی کے حق میں ہوں گے۔ چند ماہ بعد محترمہ فردوس عاشق اعوان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے لیے جتن کریں گی۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شیخ رشید سندھ حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے سے بہتر ہے کہ ریلوے پر توجہ دیں۔ شیخ رشید بے پیندے کے لوٹے کی طرح بیان بدلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید خبروں میں زندہ رہنے کے لئے سب کچھ کرسکتے ہیں۔
![]()