کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ترجمان و رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی نے کہا کہ مہنگائی کے ریکارڈ کی بات کرنے والوں نے 12سالوں میں کرپشن کے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ 12سال سندھ کی عوام کا استحصال کرنے والے کس منہ سے استحصال کی بات کررہے ہیں۔ نااہل سندھ حکومت کے نااہل اور شکست خوردہ مشیر سندھ حکومت کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب کی بے تکی باتوں سے پی ایس 111 کی شکست کی بو آتی ہے اگر وفاق مداخلت نہ کرے تو صوبائی حکومت کچھ دنوں میں عوام کو بھی بیچنا شروع کردے۔ سندھ حکومت کے ہوتے ہوئے ٹڈی دل کی ضرورت نہیں سندھ کی زراعت کو تباہ کرنے کے لیے جیالوں کا ٹولا ہی کافی ہے۔ سندھ حکومت سندھ پولیس کو مراد فورس بنانے کے پیچھے لگی ہوئی ہے۔ مرتضیٰ وہاب اظفر مہیسر اور ڈاکٹر رضوان کے معاملے پر بھی لب کشائی کریں انہوں نے کہا کہ پوری سندھ جانتا ہے کہ ایس ایس پی عمرکوٹ اعجاز شیخ عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنے کی بجاۓ جیالوں کی کمداری میں مصروف ہے۔ سندھ حکومت وفاق اور گورنر فوبیا کا شدید شکار ہوچکی ہے گورنر سندھ کے اختیارات کا گورنر کو علم ہے سندھ حکومت اپنے اختیارات کا سوچے پیپلز پارٹی گورنر کے اختیارات یاد نہ دلائے اگر گورنر نے اپنے اختیارات استعمال کرنا شروع کردیے تو پیپلز پارٹی کی نیندیں حرام ہوجائیں گی۔ پیپلز پارٹی نے صوبے میں بادشاہت قائم کی ہوئی عوام کی بجاۓ اپنے ذاتی مشیروں اور ملازموں کو فائدہ دینے کے لیے سندھ میں ہر غیر قانونی کام کو قانونی بنانے کا سلسلہ عروج پر ہے۔
![]()