سیالکوٹ (رپورٹ: سیدہ نزہت شہناز) جماعت اسلامی کے عہدیداران کے بہیمانہ قتل پر جے آئی یوتھ سیالکوٹ کا احتجاجی مظاہرہ، قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ جماعت اسلامی یوتھ کے صدر فصیح السلام اور نائب صدر شیخ نوید احمد کی قیادت میں مرید کے میں قتل ہونے والے جے آئی یوتھ پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری صداقت علی، رہنماء جماعت اسلامی شبیر سرویا اور جے آئی یوتھ کے رہنماء اسد ہاشمی کے قتل پر علامہ اقبال چوک میں پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں شامل شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر جے آئی یوتھ فصیح السلام نے کہا کہ ہماری جماعت کے کارکنان کا خون اتنا سستا نہیں کہ ان کو بیدردی کیساتھ قتل کر دیا جائے ہم اپنے مقتول بھائیوں کو قتل کرنے والے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائے بغیر سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملزمان کو جلد گرفتار نہ کیا گیا تو یہ پر امن احتجاج نہیں رہے گا اور پنجاب بھر میں بھر پور احتجاجی مظاہرے کیے جا ئینگے۔ اس مو قع پر جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی نائب امیر محمد سہیل ربانی، ڈپٹی سیکرٹری سلیم چاند، سوشل میڈیا انچارج ابوبکر بٹ سمیت دیگر کارکنان نے بھرپور شرکت کی اور آئی جی پنجاب سے ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطا لبہ کیا۔
![]()