میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) رکن قومی اسمبلی میر منور تالپور نے کہا ہے کہ میرپورخاص ضلعے میں بانڈیڈ لیبر کا کوئی بھی مسئلہ نہیں ہے جو حل ہونے جیسا نہ ہو اس کے علاوہ یہاں مزدوروں سے کسی بھی قسم کی جبری مشقت نہیں کرائی جاتی ہے اوربانڈیڈ لیبر کے حوالے سے پہلے ہی ڈسٹرکٹ کمیٹی موجود ہے جو لیبر قوانین پر عمل کرانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میرپورخاص میں امریکن قونصلیٹ جنرل روبرٹ سلبرسٹن اور انکی ٹیم کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا اس موقع پر کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زاہد حسین میمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سلامت میمن، چیئرمین ضلع کونسل میر انور تالپور، ایم پی اے سید ذوالفقار علی شاہ اور سابق وفاقی وزیر پیر آفتاب شاہ جیلانی نے بھی اظہار خیال کیا اس موقع پر کمشنر نے ضلع میرپورخاص کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ٹیم کو بتایا کہ پورے سندھ کی طرح میرپورخاص ضلعے کا انحصار بھی زراعت پر ہے یہاں آموں کی معیشت کو فر وغ دینے کیلئے ہر سال جون میں مینگو فیسٹیول منعقد کیا جاتا ہے یہاں آم، کپاس، گندم، گنا اور دیگر کئی فصلیں ہوتی ہیں اور یہاں شوگر ملیں بھی موجود ہیں اور کہا کہ روزمرہ اشیاء کے نرخ صوبائی حکومت کی جانب سے مقرر کئے جاتے ہیں انہوں نے بتایا کہ جدید مشنری نہ ہونے، معیاری بیج نہ ہونے اور پانی کی کمی کی وجہ سے فصلوں کی پیداوار بہت کم ہوتی ہے جس کی وجہ سے آمدنی کم اور خرچہ زیادہ ہوتا ہے حکومت سندھ کی جانب سے زراعت کے فروغ کیلئے بہت کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے کاشتکاروں کو سولر لائٹ پر چلنے والے ٹیوب ویل دیے گئے ہیں اور پانی کو ضایع ہونے سے بچانے کیلئے نہروں کو سیمنٹ سے پختہ کیا گیا ہے۔
![]()