ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ اسماعیل خان میں یونیورسٹی پولیس کی موٹرسائیکل ون ویلرز اور تیز رفتاری کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائی، گاڑیوں کے شیشوں سے کالے ریپر اتار لیے گئے، گاڑیوں کے مالکان اور موٹر سائیکل ون ویلرز کو گرفتار کرلیا گیا، ایک نوجوان موٹرسائیکل ون ویلر سے منشیات اور اسلحہ برآمد، پولیس نے گرفتار افراد کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بھکر روڈ پر دامان ہوٹل اور کسٹم چیک پوسٹ کے قریب منچلوں کی جانب سے موٹر سائیکل ریس اور ون ویلنگ کی شکایات پر یونیورسٹی پولیس نے ون ویلنگ اور گاڑیوں پر کالے شیشوں کے استعمال کی آڑ میں غیر اخلاقی کاروائیوں کیخلاف کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے 12 گاڑیوں سے سے کالے شیشے اتارے جبکہ کاروائیوں کے دوران 2 گاڑیوں کو قبضے میں بھی لیا گیا۔پولیس نے ایک نوجوان سے دوران تلاشی 50 گرام چرس اور پسٹل برآمد کرکے نوجوان کو گرفتار کرلیا، موٹر سائیکل ریس اور ون ویلنگ کرنے والے دیگر آٹھ نوجوانوں کو گرفتار کرکے پولیس نے 14 موٹر سائیکل قبضے میں لئے، پولیس نے ان نوجوانوں کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں۔
![]()