کوالالمپور/ ملائیشیا (نوپ نیوز) ویسپا یوتھ اسکریبل کپ کا کوالالمپور ملائیشیا میں آغاز ہوگیا ہے، افتتاحی روز پاکستان کے تین پلیئرز کی ٹاپ سکس میں رسائی، تفصیلات کے مطابق ویسپا یوتھ کپ سابقہ ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ کا ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں آغاز ہوگیا، چیمپیئن شپ میں 20 ممالک کے 200 سے زائد یوتھ پلیئرز حصہ لے رہے ہیں۔ دفاعی چیمپیئن پاکستان کے سید عماد علی پہلے روز تھکاوٹ اور طویل سفرکے باعث بہتر کارکردگی نہ دکھا سکے اور تین میچز میں شکست کھا بیٹھے۔ ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن عماد علی چالیس گھنٹے کا طویل سفر طے کرکے انگلینڈ سے کراچی پہنچے اور چند گھنٹے قیام کے بعد ملائیشیا روانہ ہوگئے تھے۔ پاکستان کے صائم وقار ساتوں میچز میں ناقابل شکست رہتے ہوئے تیسرے نمبر پر رہے۔ ایونٹ کے فیورٹ تھائی نژاد کینیڈین کھلاڑی تارون پیرور سات گیمز جیت کر 1064 کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔2017 اور 2018 کے رنر اپ سری لنکا کے جانول ڈی سلوا کا دوسرا نمبر ہے۔ پہلے دن کے اختتام پر پاکستان کے تین پلیئرز نے ٹاپ سکس میں جگہ بنائی۔ حشام ہادی خان نے سات میں سے چھ میچز جیتے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ صہیب ثناء اللہ چھ میچز جیت کر چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے عثمان شوکت، باسل خان، علی راشد، احزم احمد، کامران احمد اور مونس خان نے پہلے روز سات میں سے پانچ پانچ میچز میں کامیابی حاصل کی۔ چیمپیئن شپ کے دوسرے روز مزید گیارہ گیمز کھیلے جائیں گے۔
![]()