تازہ ترین
Home / اہم خبریں / میرٹ پر ایس ایچ اوز کی تعیناتی سے پولیس کا امیج بہتر ہورہا ہے، ڈی آئی جی شرقی عامر فاروقی کا کاٹی سے خطاب ۔۔ کاٹی نے شہر میں نیبر ہڈ پولیس کا کامیاب ترین ماڈل قائم کیا۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان

میرٹ پر ایس ایچ اوز کی تعیناتی سے پولیس کا امیج بہتر ہورہا ہے، ڈی آئی جی شرقی عامر فاروقی کا کاٹی سے خطاب ۔۔ کاٹی نے شہر میں نیبر ہڈ پولیس کا کامیاب ترین ماڈل قائم کیا۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ڈی آئی جی ضلع شرقی عامر فاروقی نے کہا ہے کہ میرٹ پر ایس ایچ اوز کی تعیناتی سے پولیس کا امیج بہتر ہوا ہے، جرائم کی روک تھام اور تحقیق و تفتیش کو مؤثر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات لائی جارہی ہیں، صنعتوں کو ملازمین کے ریکارڈ کی تصدیق کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان، چیف سی پی ایل سی کورنگی و ملیر زبیر چھایا، سینیٹر عبد الحسیب خان، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کے سربراہ ندیم خان، دانش خان، سینیئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت، نائب صدر سید واجد حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈی آئی جی شرقی عامر فاروقی نے کہا کہ کاٹی کے فعال کردار کے باعث کورنگی کراچی کا پُرامن ترین صنعتی علاقہ ہے اور اس کی وجہ سے پورے ضلعے میں بھی امن و امان کی صورت حال باقی شہر کے مقابلے میں سب سے بہتر ہے۔ انہوں نے بالخصوص سی پی ایل سی چیف ملیر و کورنگی اور کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان ندیم خان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پولیسنگ میں اصلاحات کے لیے آئی جی سندھ کلیم امام اور ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن غیر معمولی اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی تھانوں کے ایس ایچ اوز کی تعیناتی بغیر کسی مداخلت کے مکمل میرٹ کی بنیاد پر کی جارہی ہے، جس کی وجہ سے پولیس کا امیج بہتر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسپانس کو بہتر کرنے کے لیے 15 مددگار کو ایس ایس یو کے ماتحت کیا جارہا ہے، تفتیشی عمل کو موثر بنانے کی خاطر فارنزک لیب قائم کی جارہی ہیں اور کرمنل ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کورنگی صنعتی علاقے کی معاشی اہمیت اور مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی صنعتوں میں ملازمین کے ریکارڈ کی تصدیق کے لیے پولیس تعاون فراہم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاٹی نے شہر میں نیبر ہڈ پولیس کا کامیاب ترین ماڈل قائم کیا ہے اسے مزید مؤثر بنانے کے لیے مزید نفری فراہم کی جائے۔ سینیٹر عبدالحسیب کا کہنا تھا کہ ہم صرف تنقید پر یقین نہیں رکھتے پولیس کی بہتر کارکردگی کو سراہنے میں کبھی پیچھے نہیں رہے۔ زبیر چھایا نے کہا کہ مہران ٹاؤن کا مسئلہ دیرینہ ہیں، قبضے کی صورت میں فوری کارروائی کے لیے میکانزم وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ملازمین کے بھیس میں شرپسند گروہوں کے کارندے بلیک میلنگ کا نیٹ ورک چلا رہے ہیں اس کی روک تھام کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ ندیم خان نے کہا کہ کورنگی میں تعینات پولیس افسران مثالی تعاون کا مظاہرہ کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی کورنگی فیصل چاچڑ نے بہت کم عرصے میں جرائم کی روک تھام کے لیے بڑی پیش رفت کی ہے۔ بعدازاں ڈی آئی جی عامر فاروقی نے کہا کہ ملازمین کے کرمنل ریکارڈ کی تصدیق کے لیے کاٹی میں خصوصی ڈیسک قائم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت گیا جب ایک نعرہ مار کر شہر بند کروا دیا جاتا تھا، کسی کو قانون کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کورنگی میں نفاذ قانون کے لیے سابق ایس ایس پی علی رضا اور موجودہ ایس ایس پی فیصل چاچڑ کی کارکردگی کو سراہا۔  

About admin

یہ بھی پڑھیں

آئی بی اے اور آئی او بی ایم ایچ ای سی باسکٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے

کراچی (رپورٹ، ذیشان حسین/ اسپورٹس رپورٹر) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے زیر اہتمام …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے