Home / اہم خبریں / این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہوگیا

این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہوگیا

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ دوسری اننگز میں 161 رنز کی برتری حاصل کرنے والی ناردرن کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی ہے۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر ناردرن نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنالیے ہیں۔ پہلی اننگز میں نصف سنچری اسکور کرنے والے سرمد بھٹی 30 اور عمیر مسعود 24 رنز سے کھیل کے آخری روز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ خیبر پختونخوا کے اسپنر خالد عثمان تاحال میچ میں 6 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل ناردرن کے 208 رنز کے جواب میں خیبر پختونخوا کی پوری ٹیم اسپنر رضا حسن کی شاندار باؤلنگ کی بدولت 188 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اوپنر محمد محسن 67 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ ناردرن کے اسپنر رضا حسن نے ایک اننگز میں 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے 72 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب نیا ناظم آباد گراؤنڈ کراچی میں جاری میچ میں بلوچستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 142 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ دوسرے روز دن کے اختتام پر بلوچستان کی ٹیم نےدوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 30 رنز بنالیے ہیں۔ حسیب اعظم اور اکبر رحمٰن میچ کے آخری روز کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ اس سے قبل بلوچستان کے 170 رنز کے جواب میں سندھ نے پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے۔ 60 رنز پر ابتدائی 2 وکٹیں گرنے کے بعد رمیز راجہ جونیئر نے رمیز عزیز اور احسان علی کے ہمراہ بالترتیب 111 اور88 رنز کی پارٹنر شپس قائم کرکے میچ میں سندھ کی گرفت مضبوط کردی۔ رمیز راجہ جونیئر نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 133 رنز کی اننگز کھیلی۔ احسان علی اور رمیز عزیز نے بالترتیب 52 اور 51 رنز اسکور کیے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: 26 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے