کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز میزبان ٹیم نے سنٹرل پنجاب کے خلاف 9 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سندھ نے سنٹرل پنجاب کے 246 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنالیے ہیں۔ سندھ کی جانب سے خرم منظور اور جاہد علی نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ خرم منظور 85 اور جاہد علی 72 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں اوپنرز کے درمیان 140 رنز کی مضبوط شراکت نے سندھ کو پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ شہزر محمد اور سعد علی کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد فواد عالم اور سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فواد عالم 42 اور سرفراز احمد 39 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کیا تو عثمان صلاح الدین 57 کے انفرادی اسکور پر تابش خان کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے میچ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز کرنے والے دوسرے کھلاڑی احسان عادل تھے جو 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 246 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سندھ کے فاسٹ باؤلر تابش خان نے 85 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انور علی اور سہیل خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کا دوسرا روز خیبرپختونخوا کے نام رہا۔ ذوہیب خان کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 385 رنز اسکور کرنے والی خیبر پختونخوا کی ٹیم نے 146 رنز پر بلوچستان کی پوری ٹیم کو پویلین واپس بھجوادیا ہے۔ فاسٹ باؤلر جنید خان نے 4 اور عثمان شنواری نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حریف ٹیم کے فاسٹ باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت 33 کے مجموعی اسکور پر بلوچستان کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ بلوچستان کے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان 35 رنز بناکر ٹاپ اسکور رہے۔ بلوچستان کی ٹیم تاحال 239 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو ذوہیب خان اور عثمان شنواری نے اسکور بورڈ کو چلانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان نویں وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ذوہیب خان نے سنچری اور عثمان شنواری نے نصف سنچری اسکور کی۔ ذوہیب خان نے 16 چوکوں کی مدد سے 133 رنز بنائے۔ 136 گیندوں کا سامنا کرنے والے عثمان شنواری 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بلوچستان کے اسپنر محمد اصغر نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
![]()