فیصل آباد (رپورٹ: ڈاکٹر غلام مجتبیٰ) ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ سنوکر کے عالمی فاتح محمد آصف کا اپنے دفتر میں استقبال کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) فضل ربی چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) میاں آفتاب احمد، اسسٹنٹ کمشنرز زوہا شاکر، نازیہ موہل،عمر دراز گوندل، فیصل سلطان، خرم شہزاد بھٹی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال، ایڈمن آفیسرریاض حسین انجم و دیگر افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے سنوکر میں دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے فیصل آباد کے سپوت کھلاڑی محمد آصف کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی عظیم کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانی قوم کو اس پر بے حد فخر ہے جس نے سنوکر کے عالمی مقابلوں میں بہترین کارکردگی اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی پرچم کو بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نہ صرف باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ مختلف کھیلوں کے فروغ و ترقی اور کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے سنوکر کے کھیل کی ترقی کے لئے ضلعی انتظامیہ کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ سنوکر کے عالمی چیمپئن محمد آصف نے بھر پور حوصلہ افزائی اور پرتپاک استقبال کرنے پر ڈپٹی کمشنر محمد علی و دیگرافسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ تعالی کے خاص فضل وکرم سے ان کی کامیابی پاکستانیوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے اور عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد فیصل آباد کے شہریوں کے گراں قدر پیار و محبت کا ممنون ہوں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر سنوکر کے عالمی چیمپئن محمد آصف کو ایک لاکھ روپے کے نقد انعام سے نوازا اور کہا کہ ان کی مزید حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔
![]()