ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ اسماعیل خان شہر و گرد و نواح میں ٹریفک پولیس کے افسران و اہل کاروں کی عدم دلچسپی، نوعمر چنگ چی، لوڈر، رکشہ ڈرائیورز شہر بھر میں موت کا رقص کرنے لگے، چنگ چی و لوڈرز رکشوں کے ڈرائیور تیز رفتاری کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر کرتب کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان میں بیشتر ایسے رکشہ ڈرائیور موجود ہیں جن کے پاﺅں بھی ٹھیک طرح بریک تک نہیں پہنچتے جو مسافروں کو مختلف مقامات سے سوار کرکے موت کا رقص جاری رکھے ہوئے ہیں، مزید براں نوعمر چنگ چی رکشہ و لوڈر ڈرائیورز اس انداز میں رکشے بھگاتے اور کراسنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ پیدل چلنے والے بھی خوف سے سڑکوں سے بھاگ کر اپنی جانیں بچاتے ہیں، جبکہ رکشوں میں سوار مسافروں کے چہروں پر موت کے سائے منڈلاتے نظر آتے ہیں۔ اسی وجہ سے روزانہ اکا دکا حادثات رونما ہو رہے ہیں، شہریوں نے ڈی پی او، ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس کو انسانی جانوں سے کھلواڑ کرنے والے نوعمر چنگ چی و لوڈر رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہر و گرد و نواح میں ہونے والے حادثات میں کمی واقع ہوسکے۔
![]()