اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا الوداعی دورہ کیا۔ اس موقع پر جنرل زبیر محمود حیات نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے اُنکے آفس میں الوداعی ملاقات بھی کی۔ جنرل زبیر محمود حیات نے تینوں افواج کے درمیان مشترکہ و مربوط کاوشوں کو اجاگر کرنے پر پاک فضائیہ کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے جاری پروگراموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قبل ازیں ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر ائیر چیف نے جنرل زبیر محمود حیات کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ جنرل زبیر حیات نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔
![]()