کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کے آئی اے لکی موٹرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر(سی او او) محمد فیصل نے کہا کہ 20 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ صرف ڈیڑھ برس کے عرصے میں 50 ہزار یونٹ کی پیداواری صلاحیت رکھنے والا پلانٹ مکمل کیا، 14 ماہ کے عرصے میں ملک کے 11 شہروں میں 18 ڈیلرشپ دی جاچکی ہیں، پاکستان کی آٹوموبیل صنعت کو معیار کی نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت، نائب صدر سید واجد حسین اور کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے آٹو موٹیو کے چیئرمین غضنفر علی خان نے بھی اظہار خیال کیا۔ قبل ازیں صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کہا کہ کے آئی اے کی صورت میں پاکستان میں ایک بہت بڑی سرمایہ کاری آئی، جس کی پذیرائی اور خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے آٹو موبیل سیکٹر کی ترقی ناگزیر ہے، ہمیں امید ہے کہ KIA کی اس شعبے میں سرمایہ کاری سے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور آٹوموبیل صنعت میں ایک صحت مند مسابقت کا آغاز ہوگا۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے آٹو موٹیوو غضنفر علی خان نے کہا کہ کے آئی اے کی سرمایہ کاری آٹو موبیل سیکٹر میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں آٹوموبیل صنعت مسائل کا شکار ہے، ایک ہزار افراد میں سے صرف 17 یا 18 افراد کے پاس گاڑی ہے اور اس شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت الیکٹریکل وہیکل پالیسی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے، اس سے ملکی پیٹرولیم درآمدات کے بلوں میں کمی اور ماحول کے تحفظ جیسے اہم اہداف حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے آئی اے نے جدید ترین ٹیکنالوجی اپنائی ہے اور ہم اس کی کامیابی کے خواہاں ہیں۔ بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی او او کے آئی اے لکی موٹرز محمد فیصل نے کہا کہ عالمی سطح پر بھی کے آئی اے کے معیار کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پکانٹو، سپورٹیج اور گرینڈ کارنیول لاؤنچ کی صورت میں منفرد اور اعلیٰ ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیاں لاؤنچ کی گئی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کے آئی اے موٹرز پاکستان میں آٹو موبیل سیکٹر میں معیار کو نئی بلندیوں تک لے کر جائے گی۔ تقریب میں اکبر فاروقی، ایس یم یحیی، محمد انیس اور تاجر و صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعے پر کے آئی اے موٹرز سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی گئی۔
![]()