کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی نے کہا ہے کہ رسول مکرم محمد مصطفی صلى الله عليه وسلم کی بعثت کا مقصد بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ راست پر لانا تھا۔ میرے آقا رحمتہ اللعالمین صلى الله عليه وسلم تھے۔ ان کی تعریف اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں جا بجا کی ہے۔ ہم اپنے لفظوں میں ان کی تعریف بیان نہیں کر سکتے ہیں مگر آقائے دو جہان کی شان میں نعت پڑھ کر ہم اپنی عقیدت کا اظہار ضرور کرسکتے ہیں۔میں تمام عالم اسلام کو ماہ مبارک ولادت النبی صلى الله عليه وسلم کی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ بات انہوں نے عالمی حمدو نعت کونسل کے اراکین حافظ محمود حکیم، مولوی ہارون رشید زاہدی، حافظ مسعود شریف، حافظ تنویر ظفر آزاد اور کمسن قاری و نعت خواں محمد بن مرشد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی جوکہ ان کی عیادت کیلئے قاری مرشد عالم کی قیادت میں ان کی رہائش گاہ پر آئے تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی کے سامنے محمد بن مرشد نے تلاوت و نعت جبکہ حافظ مسعود شریف اور حافظ تنویر ظفر آزاد نے نعت رسول مقبول پیش کی۔ قاری مرشد عالم نے ڈاکٹر عافیہ کی والدہ کو بتایا کہ عالمی حمد و نعت کونسل کے قیام کا مقصد بچوں اور نوجوانوں میں تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول کا شوق پیدا کرنا ہے۔ ماہ مبارک ربیع الاول کی نسبت سے یوٹیوب چینل اور فیسبک پیج عالمی میڈیا ہاﺅس پر حمد صدائے الا اللہ اور نعت سیرت کمال ہے ریلیز کردیا گیا ہے جس کا انٹرو حافظ امام حسین ہمدم نے پیش کیا ہے۔ ڈاکٹر عافیہ کی والدہ نے کہا کہ ہمارا عافیہ سے ٹیلی فونک رابطہ منقطع ہوئے ساڑھے تین سال سے زائد کا عرصہ گذر چکا ہے۔ سابقہ حکومت میں جب عافیہ سے ٹیلی فون پر بات ہو جایا کرتی تھی تو وہ بتاتی تھی کہ اس کا امریکی جیل میں زیادہ تر وقت تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول پڑھتے ہوئے گذرتا ہے جس کی برکت سے کئی لوگوں کو اسلام قبول کرنے کی سعادت بھی حاصل ہو چکی ہے۔ عصمت صدیقی نے کہا کہ ربیع الاول ولادت النبی صلى الله عليه وسلم کا مبارک مہینہ ہے، میری عوام سے اپیل ہے کہ اس موقع پر عافیہ کو دعاﺅں میں خصوصی طور پر یاد رکھیں اور میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو عافیہ کو وطن واپس لانے کی سعادت نصیب فرمائے۔
![]()