کولمبو (سپورٹس ڈیسک) اے سی سی ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیوی گراؤنڈ کولمبو میں پاکستان کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قومی ویمنز ایمرجنگ کرکٹ ٹیم کی کپتان رامین شمیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوسکا۔ پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بیٹر لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ طوبٰہ حسین 32 اور کپتان رامین شمیم 31 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں۔ قومی ویمنز ایمرجنگ ٹیم کی 7 کھلاڑی ڈبل ہندسے میں داخل نہ ہوسکیں۔ بھارت کی جانب سے دیویکا ودیا نے 4 اورسُشری دبیادرشنی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بھارتی ویمنز ایمرجنگ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 30 اوورز میں بآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ حریف ٹیم کی جانب سے نزہت پروین 44 رنز بنا کر ٹاپ اسکور ر رہیں۔ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثناء خان، سیدہ عروب شاہ اور نشرہ سندھو نے 1،1 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
![]()