کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری سیکنڈ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں منگل کے روز کھیلے جانے والے پہلے میچ میں سنٹرل پنجاب نے خیبرپختونخوا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ میں خیبر پختونخوا کے کپتان آصف آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوسکا اور محض 59 رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔ 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد آل راؤنڈر اسد آفریدی نے 25 گیندوں پر 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 148 تک پہنچانے میں مدد دی۔ خیبر پختونخوا نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے احسان عادل نے 3 جبکہ بلاول اقبال اور رضا علی ڈار نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی را ہ دکھائی۔ جواب میں 11 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد سنٹرل پنجاب کی جانب سے محمد سعد اور نعمان انور کے درمیان 72 رنز کی شراکت نے جیت کی بنیاد رکھ دی۔ محمد سعد نے35 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ اوپنر نعمان انور نے 50 رنز بنائے۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ خیبر پختونخوا کی جانب سے ثمین گل نے 2 جبکہ خالد عثمان اور آصف آفریدی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو بآسانی 5 وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 96 رنز پر 8 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے نظر حسین نے 19 گیندوں پر ناقابل شکست 39 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 147 تک پہنچا دیا۔ آٹھویں وکٹ کے لیے نظر حسین اور داؤد خان میں 51 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ داؤد خان نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 13 رنز بنائے۔ بلوچستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ ناردرن کی جانب سے اسپنرز نعمان علی اور رضا حسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ناردرن کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17 اوورز میں حاصل کرلیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ذیشان ملک اور شعیب احمد منہاس نے دوسری وکٹ کے لیے 60 رنز کی شراکت قائم کرکے میچ میں ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔ دونوں بلے بازوں نے 37،37 رنز کی اننگز کھیلیں۔ ناردرن کی جانب سے نظر حسین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
![]()