راولپنڈی (ویب ڈیسک) بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان اور تین شہری شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر جورا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز میں سیز فائر کی خلاف ورزیاں کیں اور جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان لانس نائیک زاہد اور تین شہری شہید ہوگئے جبکہ دو سپاہیوں سمیت 5 شہری زخمی ہوگئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بلا اشتعال بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دیا جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ دشمن کے 2 بنکرز تباہ کردیئے گئے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں ہر ممکن طبی سہولت مہیا کی جارہی ہے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کی آڑ میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے لیکن بھارت کو سیز فائر خلاف ورزیوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب ملے گا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک فوج ایل او سی پر معصوم شہریوں کی حفاظت جاری رکھے گی اور ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی فوج کو ناقابل برداشت نقصان پہنچائے گی۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصرین، ملکی، غیر ملکی میڈیا کو آزاد جموں کشمیر میں آزادانہ رسائی ہے جبکہ مقبوضہ جموں کشمیر میں یہ آزادی نہیں ہے۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا ہمیشہ بھرپور جواب ملے گا۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ وہاں آباد شہریوں کی مکمل حفاظت کرے گی اور بھارتی فوج کو اپنے اقدام پر بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
![]()