کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سینئر رہنما و سابق ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات طاہر ملک نے وفد کے ہمراہ حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشال ملک سے کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و سابقہ صدر شعبہ خواتین سندھ اورسابقہ نائب صدر شعبہ خواتین فرحانہ شہزاد وفد میں موجود تھے۔ دوران ملاقات رہنماؤں کے درمیان کشمیر میں بھارتی مظالم اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر طاہر ملک کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر میں یٰسین ملک کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہی حریت رہنماؤں کی بدولت آج تحریک آزادی کشمیر زندہ ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کی بہادر عوام اور انکی آنے والی نسلیں پاکستان کی آزاد فضا میں سانس لیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیر بہت جلد پاکستان کا حصہ بنے گا۔ مسئلہ کشمیر جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے عالمی سطح پر اجاگر کیا ماضی میں کسی حکومت نے ایسے اقدامات نہیں کئے۔ طاہر ملک کا مزید کہنا تھا کہ ہم یٰسین ملک کی مکمل صحت یابی اور کشمیری عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لئے ہر وقت دعا گو ہیں۔
![]()