کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ آزادی کشمیر کی منزل بہت مشکل اور کٹھن ہے۔ پاکستان جس طرح مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دے رہا ہے، اسے تاریخ میں لکھا جائیگا۔ مشعال ملک ہفتہ کو فیڈریشن ہاؤس میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کررہی تھیں۔ فیڈریشن ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر میں ستر سال سے ظلم و ستم کا بازار گرم ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اصل جدوجہد کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا اور ادویات کی کمی ہے۔ ان حالات میں پاکستانی حکومت اور عوام جس طرح کشمیری عوام کا ساتھ دے رہے ہیں اسے تاریخ میں لکھا جائے گا۔ مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ ہمیں ساتھ لڑنا ہوگا۔ قونصل جنرلز کے ساتھ ملاقات میں کشمیر کی بات دنیا تک پہنچانے میں مدد ملی۔ وہ پاکستان کی تاجر برادری کو سلام پیش کرتی ہیں جو ہر مشکل میں کشمیریوں بھائیوں کی مدد کو آگے آتے ہیں۔ پیٹرن ان چیف ایس ایم منیر نے کہا کہ کراچی والے کشمیر پر مالی مدد کے ساتھ جان دینے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ وزیراعظم نے یو این او میں کشمیر پر بہت زبردست تقرر کی۔ صدر فیڈریشن ہاؤس داور خان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن ہاؤس ہندوستان کے خلاف مذمتی قراداد بھی پیش کرچکا ہے۔
![]()