لاہور (سپورٹس ڈیسک) جونیئر ورلڈ کپ کوالیفائینگ راؤنڈ کی تیاری کے سلسلہ میں پاکستان کا دورہ کرنے والی اومان ہاکی ٹیم نے چارمیچز پر مشتمل سیریز کے سلسلہ میں تیسرا میچ پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ کے ساتھ کھیلا جوکہ پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ نے صفر کے مقابلہ میں چارگول سے جیت لیا، میچ کا آغاز تیز کھیل سے ہوا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے۔ پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ کی جانب سے کھیل کے پہلے کواٹر میں فل بیک امجد علی نے پینلٹی کارنر پر ڈریگ فلک کے ذریعہ شاندار گول کرکے پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ کو برتری دلائی۔ اومان ٹیم کی جانب سے برتری کا خاتمہ کرنے کے لئے کئی حملے کئے گئے جوکہ پاکستان کی مضبوط دفاعی لائن نے ناکام بنائے۔ پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ کی جانب سے فاروڈز حماد انجم نے کھیل کے 34 ویں منٹ، رانا عبدالوحید نے کھیل کے 44 ویں منٹ اور رانا سہیل ریاض نے کھیل کے 50 ویں منٹ میں فیلڈ گول کے ذریعہ گول سکور کئے۔ اس میچ کو ایمپائرز غلام محی الدین اور محمد زاہد نے سپروائز کیا جبکہ بینش حیات انٹرنیشنل بطور ریزرو ایمپائر تھیں۔ ٹورنامنٹ آفیسر وحید مرزا جبکہ ججز کے فرائض میاں سہیل اشرف اور شفقت ملک نے سرانجام دیئے۔ اس سیریز کے ڈائریکٹرکے طور پر اولمپیئن انجم سعید فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اس میچ کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر تھے۔ معزز مہمان کا سٹیڈیم آمد پر شایان شان استقبال کیا گیا۔ صدر ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر کا استقبال سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف پرائیڈ آف پرفارمنس اولمپیئن آصف باجوہ نے کیا، انکے ہمراہ چیئرمین سلیکشن کمیٹی لیجنڈ اولمپیئن منظور جونیئر، سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹینٹ کرنل ر آصف ناز کھوکھر، رائے عثمان اکبر ایسوسی ایٹ سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن، ڈائریکٹرایڈمنسٹریشن پی ایچ ایف میجر ر جاوید ارشد منج، محمد یعقوب انٹرنیشنل اور محمد شفیق بھٹی ایڈمنسٹریٹر جوہر ٹاؤن ہاکی سٹیڈیم بھی موجود تھے۔ معززممہمان کا کھلاڑیوں اور آفیشلز سے تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ چیئرمین قومی سلیکشن کمیٹی اولمپیئن منظور جونیئر، سابق صدر پی ایچ ایف اختر رسول چوہدری، برگیڈیئر ر خالد مختار فارانی، اولمپیئن خواجہ جنید، اولمپین انجم سعید، غلام غوث پروگرام ڈویلپمنٹ آفیسر ایشین ہاکی فیڈریشن، محمد یعقوب انٹرنیشنل، ایمپائرز مینجر راشد محمود بٹ، سمیت اولمپیئن اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ پاکستان کو اومان کے خلاف دو میچوں کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا۔ سیریز کا چوتھا اور آخری میچ 5 اکتوبر کو جوہر ٹاؤن ہاکی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔
![]()