کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ اسپیکر آئے روز قواعد پر ایوان چلانے کی بات کرتے ہیں لیکن خود اس پر عمل نہیں کرتے۔ اسپیکر نے آج اسمبلی ایجنڈا کے بجائے قواعد کے برخلاف قرارداد پیش کرنے کی اجازت دی۔ میرے پاس کسی بھی قرارداد کی کاپی نہیں آئی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی ایوان کو بغیر کورم اور قواعد و ضوابط کے مطابق نہیں چلا رہے۔ ہمیں عالمی پارلیمنٹری یونین اور عدالت میں اسپیکر کیخلاف درخواست پر مجبور کیا جارہا ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ اور جمہوریت دشمن پارٹی ہے۔ تاریخ انہیں یاد رکھے گی کہ یہ جمہوریت دشمن ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے سندھ اسمبلی کے باہر دیگر اراکین اسمبلی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ آج سے پہلے پیپلز پارٹی کو ایم آر ڈی شہداء یاد نہیں آئے۔ پیپلزپارٹی جسکو پیغام دینا چاہتی تھی وہ انکو مل گیا ہوگا۔ سندھ حکومت کا محصولات کی وصولی کا ہدف صرف 65 فیصد ہے۔ صوبائی حکومت سو ارب روپے کم محصولات وصول کیے۔ مانتے ہیں کہ ملک مشکل حالات سے گزررہا ہے۔ شبر زیدی کے ا قدامات و کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ قائمہ کمیٹیوں سے متعلق حکومت کو تجاویز دی ہیں۔ اپنی مرضی کے ایس پی ڈی سی لگانا بڑی انتخابی دھاندلی ہے۔اپوزیشن جماعتوں کے درمیان کچھ امور پراختلاف ہیں۔ مل بیٹھ کر اختلافات کو دور کرلیں گے۔ کراچی میں پانی کچرا ہسپتالوں کے حالات سندھ حکومت کی اہلیت کا پتہ دیتی ہے۔
![]()