کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے زائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کردیا صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کراچی سے صوبے کے مختلف شہروں کے درمیان چلنے والی مسافر کوچز، وین اور بسوں کی چیکنگ کے دوران ڈیڑھ سو سے زائد مسافروں سے وصول کیا گیا زائد کرایہ واپس کراکر ٹرانسپورٹرز پر ہزاروں روپے جرمانہ بھی عائد کیا، تفصیلات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ میں زائد کرایوں کی وصولی کی خلاف مہم کا آغاز کردیا ہے جمعرات کے روز صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین کی ہدایت پر سیکریٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی ذوالفقار جوکھیو نے سپر ہائی وے پر کراچی ٹول پلازہ کے قریب مختلف شہروں کے درمیان جانے والی مسافر گاڑیوں کو روک کر چیکنگ کی اور مسافروں کی شکایت پر بتیس مسافر کوچز، بسوں اور وین کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے چھبیس ہزار تین سو روپے جرمانہ عائد کیا کاروائی کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام نے مسافروں سے وصول کیا گیا زائد کرایہ موقع پر ہی واپس کرایا اور مختلف گاڑیوں کے مسافروں کو بتیس ہزار روپے کرائے کی مد میں مجموعی طور پر واپس کرائے گئے اس موقع پر صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی روڈ چیکنگ مہم کے دوران موٹروے پولیس نے بھی تعاون کیا صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکریٹری ذوالفقار جوکھیو نے بتایا کہ وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر اور چیئرمین پی ٹی اے کی خصوصی ہدایت پر مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ چاند رات تک جاری رہے گا انہوں نے بتایا کہ اسی طرز کی کاروائی اندرون شہر موجود بسوں اڈوں اور کراچی سے دیگر شہروں کو جانیوالی دیگر شاہراہوں پر بھی کی جائے گی انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے بھی درخواست کی کہ وہ مسافروں کو پریشان کرنے اور زائد کرایہ وصول کرنے سے گریز کریں۔
![]()