کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے کالج آف نرسنگ کی جانب سے ورلڈ نرسز ڈے 2019 کے موقع پر ایک تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کا مقصد دنیا بھر میں نرسنگ کے شعبے میں کام کرنے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ تقریب کی مہمان خصوصی آغا خان اسکول آف نرسنگ اینڈ مڈ ویفری کی سابق ڈین پروفیسر یاسمین امرسی تھیں جبکہ وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر سید محمد طارق رفیع تقریب کے مہمان اعزازی رہے۔ نرسز ڈے کے موقع پر طلبا کی جانب سے ڈرامہ بھی پیش کیا گیا جسے تقریب میں شریک تمام ہی مہمانوں نے بے حد پسند کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی یاسمین امرسی کا کہنا تھا کہ شعبہ نرسنگ کو میڈیکل فیلڈ کا دل قرار دیا جاتا ہے لیکن یہاں افسوس سے یہ بات کہنی پڑرہی ہے کہ ہم شعبہ طب میں دل کی حیثیت رکھنے والی فیلڈ کی دیکھ بھال اچھی طرح نہیں کرپائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام نرسز کی ذمے داری ہے کہ وہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں تاکہ نرسنگ کا شعبہ ترقی کرسکے نہ کہ ہر کوئی اپنی اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بناکے بیٹھ جائے۔ یاسمین امرسی کا مزید کہنا تھا کہ نرسز کی شرکت کے بغیر ہیلتھ کیئر کوریج کے مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے اس موقع پر دنیا بھر کی نرسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے کام کو بے حد سراہا، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مذہب بھی ہم کو انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے اس حوالے سے ہم شعبہ نرسنگ کو اپنے دین کے احکامات کے عین مطابق قرار دے سکتے ہیں۔ پرو وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر لبنیٰ بیگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نرسز کو شعبہ طب میں ریڑھ کی ہڈی سے تشبیہ دی ان کا کہنا تھا کہ نرسز کو اللہ تعالی ٰ اس دنیا میں خاص جذبے سے اتارتا ہے۔ تقریب کی روح رواں ایڈوائزر برائے نرسنگ جے ایس ایم یو افشاں نازلی نے اس موقع پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
![]()