کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف نے سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ کو صوبے کے تنظیمی معاملات کی نگرانی عارضی طور پرسونپ دی گئی،جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور سیکرٹری جنرل ارشدد اد میں ملاقات ہوئی جس میں تحریک انصاف سندھ کے سیکرٹری جنرل حلیم عادل شیخ بھی شریک ہوئے،ملاقات میں تحریک انصاف سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو کا استعفیٰ منظورکیا گیا،استعفیٰ کی منظوری کا فیصلہ چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ،ملاقات میں تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ کو صوبے کے تنظیمی معاملات کی نگرانی عارضی طور پرسونپ دی گئی۔ حلیم عادل شیخ کو سونپی جانے والی ذمہ داری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، امیر بخش بھٹو نے 25 فروری 2019 کو چیئرمین تحریک انصاف کے نام خط میں رضاکارانہ طور پر ذمہ داریوں سے الگ ہونے کے بارے میں بتایا تھا۔ حلیم عادل شیخ سندھ میں نئی تنظیم سازی تک تنظیمی معاملات کی نگرانی کریں گے۔ اجلاس میں سندھ میں نئے تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کیلئے ہوم ورک جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے کہا کہ سندھ وفاقِ پاکستان کی اہم ترین اکائیوں میں سے ایک ہے،بدقسمتی سے ظالم، کرپٹ اور خود غرض سیاسی ٹولے نے برسوں سندھ کے عوام کا خون چوسا ہے، آج اپنی کرپشن بچانے کیلئے “ٹرین مارچ” جیسے تماشے کئے جارہے ہیں، سندھ کے عوام تحریک انصاف سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو محرومیوں سے نکالنے کیلئے تحریک انصاف پوری محنت کرے گی، عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی شخص کے ساتھ رعایت نہیں برتیں گے، سندھ بھر سے محنتی اور وفاشعار کارکنان کو آگے لاکر تنظیمی ذمہ داریاں سونپیں گے۔سیف اللہ نیازی نے کہا کہ نچلی ترین سطح سے لیکر صوبائی سطح پر بااختیار تنظیمی ڈھانچہ کھڑا کریں گے، کارکنان تیاری کریں، مرکز، پنجاب اور پختونخوا میں آنے والے تبدیلی سندھ میں بھی لیکر جائیں گے۔
![]()