دبئی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے پہلے ایک روز میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 281 رنز کا ہدف دے دیا۔ شعیب ملک الیون نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز اسکور کیے ۔ پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے شاندار سینچری اسکور کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عمر اکمل 49 اور شان مسعود 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے میکس ویل اور کونٹر نائل نے دو جبکہ نیتھن لائن نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستانی پلینگ الیون میں کپتان شعیب ملک ، شان مسعود ،امام الحق، حارث سہیل ، عمراکمل، فہیم اشرف، محمد رضوان ، عماد وسیم ، یاسرشاہ ، محمدعامر اور محمد عباس شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور محمد عباس ون ڈے انٹر نیشنل میں ڈیبیو کررہے ہیں۔ شان مسعود کو شعیب ملک نے جبکہ محمد عباس کو بالنگ کوچ اظہر محمود نے کیپ پہنائی۔ دونوں ٹیموں آخری بار جنوری 2017 میں آسٹریلیا میں ٹکرائی تھیں۔ پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
![]()