اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد پاکستان پہنچ گئے ، وزیر اعظم عمران خان اور وزیرخارجہ نے ملائیشین وزیراعظم کا ائیر پورٹ پر استقبال کیا، معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مہاتیر محمد وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں ،ان کے طیارے نے نور خان ائیر بیس پر لینڈ کیا جہاں وزیر اعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مہاتیر محمد کا استقبال کیا ، اس موقع پر معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی اور بچوں نے پھول پیش کئے، وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشین وزیر اعظم سے نور خان ائیر بیس پر موجود وفاقی کابینہ کے وزراء کا تعارف کروایا۔ مہاتیر محمد 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی ہونگے، ان کا دورہ پاکستان کا دورانیہ 21 سے 23 مارچ تک ہوگا، دورے کے دوران مہاتیر محمد وزیر اعظم، صدر مملکت سے ملاقات کریں گے، مہاتیر محمد کے ساتھ ملائشیاء کا اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے، دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہونگے۔
![]()