لاہور (بیورو رپورٹ) لاہور سمیت ملک کے کئی علاقوں میں کہیں بارش، کہیں برف باری اور کہیں سرد ہواؤں کا راج ہے جب کہ درجنوں رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے۔جبکہ سیاحوں کی کثیر تعداد گلگت بلتستان، چترال ،سوات ،کاغان ناران اورگلیات میں پھنس گئے۔ لاہور، گوجرانوالہ، گکھڑ، راولپنڈی، اسلام آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، ہری پور، ایبٹ آباد، وادی نیلم، بالا کوٹ، چمن، آزاد کشمیر، پشاور، سوات، دیر بالا، چترال، بونیر، شانگلہ سمیت کئی شہروں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کاسلسلہ جاری ہے جب کہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ اس کے علاوہ شندور، کالام اور بگروٹ میں دو فٹ کے قریب برف پڑی جس سے درجنوں دیہات کے درمیان زمینی رابطے منقطع ہو گیا، دیر بالا میں برفباری سے بالائی علاقوں کے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔ فاروڈ کہوٹہ، حویلی، جبی سیداں، ہلاں، گگوڈار، محمود گلی، لسہ ڈنہ، حاجی پیر، بھیڈی، باغ سمیت وادی نیلم بالائی و شمالی علاقہ جات میں برف باری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا تاؤبٹ میں تین فٹ جبکہ کیل میں دو فٹ برف پڑی، مجموعی طورپر بالائی علاقوں میں سات سے دس فٹ تک برف پڑ چکی ہے، سب ویلیز کے پیدل راستے بھی بند ہوگئے۔ جاگراں، سرگن شونٹھر، گریس ویلیز میں برف مکانات سے اونچی ہوگئی ہے، ان علاقوں میں اشیائے خورو نوش، ادویات کی قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ نتھیا گلی، ڈونگا گلی، ایوبیہ مین ایک فٹ برف پڑھ چکی ہے جس سے مین مری روڈ سمیت تمام رابطہ سڑکیں دوبارہ بند ہوگئی ہیں اورگاؤں سے شہر کا رابطہ منقطع ہوگیا ۔ ادھر لواری ٹنل کے قریب برفانی تودہ گرنے سے پھنسنے والے سول جج اور اے سی سمیت درجنوں لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔
![]()