کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سلمان مجاہد بلوچ سابق رکن قومی اسمبلی نے میڈیا ورکروں اور صحافیوں کے احتجاجی کیمپ کراچی میں خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ سلمان مجاہد بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکروں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں، ظلم، معاشی استحصال اور جبری برطرفیوں کی مزمت کر تے ہیں اور دام، درم، سخن شانہ بشانہ اس جدوجہد میں صحافیوں کے ساتھ کھڑ ے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کارکنان آج کل جن حالات سے گزر رہے ہیں وہ آپ کے علم میں ہیں، موجودہ حالات نہ صرف آزادی صحافت کے لئے انتہائی دشوار ہیں بلکہ صحافی کارکنوں کی تنخواہوں میں کٹوتیوں اور غیر قانونی برطرفیوں نے سینکڑوں چولہے ٹھنڈے کر دیئے ہیں۔ میڈیا مالکان کی جانب سے معاشی مشکلات کا جو بھونڈا جواز پیش کیا جا رہا ہے وہ درحقیقت ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کے تحت کارکنوں کا معاشی قتل کرکے الزام حکومت کے سر تھوپ کر مالکان ایک تیر سے دو شکار کرنا چاہتے ہیں۔ ہم اشتہارات کی اس جنگ میں نہ تو مالکان کی حمایت کے خواہاں ہیں نہ ہی حکومت کی بلاوجہ مخالفت کرنا چاہتے ہیں، ہم تو صرف مالکان سے ورکر کی ملازمت کا تحفظ اور تنخواہوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں تاکہ کارکنوں کو درپیش شدید مالی مشکلات اور غیر یقینی کی صورتحال کو ختم کیا جا سکے۔ سلمان مجاہد بلوچ نے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیا ہاؤسز اور اخبارات کے مالکان فی الفور صحافیوں کے بقایاجات اور تنخواہیں ادا کریں اور جبری بر طرفیوں کا سلسلہ فوری طور پر روکا جائے۔
![]()