بنکاک (رپورٹ: عمران یوسف) بنکاک میں معروف سماجی و کاروباری شخصیت عبدالغفار وارثی کی طرف سابق نگران وزیر اعلی پنجاب حسن عسکری رضوی کے اعزاز میں ایک پر تکلف عشائیہ دیا گیا جس میں پاکستانی سفارتخانہ سے ناظم الامور فراز زیدی، تھائی پاک چیمبر آف کامرس کے صدر اور اوور سیز پاکستانیز تھائی ایسوسی ایشن کے ارکان نے شرکت کی- اس موقع پر عبدالغفار وارثی نے حسن عسکری رضوی کی بطور دفاعی اور سیاسی تجزیہ نگار کے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ حسن عسکری نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوئے تھے ان میں کسی قسم کی دھاندلی نہیں ہوئی۔ حسن عسکری رضوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بے شمار مسائل درپیش ہیں اور سب سے بڑا معاشی بحران کا مسلہ ہے تاہم اس سے جلد نبٹ لیا جائے گا- مزید انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کو عوامی مسائل کا بخوبی ادراک ہے اور وہ ہر لمحہ ان مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے- انہوں نے اوورسیز پاکستانیز کے حوالے سے حکومتی توقعات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو بڑی وقعت کی نگاہ سے دیکھتی ہے کیونکہ یہ اوورسیز پاکستانیز ہی ہیں جو ہر مشکل گھڑی میں وطن عزیز کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت رکھتے ہیں- عشائیہ کے دوران تقریب میں موجود تمام حضرات نے حسن عسکری رضوی سے خوش گوار موڈ میں پاکستان کے مستقبل کے بارے میں تبادلہ خیال بھی کرتے رہے- عشائیہ کے اختتام پر عبدالغفار وارثی کی جانب سے حسن عسکری رضوی کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر ایک شیلڈ بھی پیش کی گئی
![]()