کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ٹریفک حادثات کے شکار افراد کی یاد میں آج سی ویو پر وائس آف کراچی کی جانب سے منعقد کی جانے والی واک میں کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ، ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر، ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اوڈھو، ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ اور ایس پی کلفٹن سوہائی عزیز اور دیگر افسران و ملازمین نے شرکت کی۔ پولیس چیف نے ٹریفک کے حادثات کا شکار ہونے والے افراد کی یاد میں بنائی جانے والی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، ایصال ثواب کے لئے دعا کی اور عوام کے ساتھ مل کر واک میں شرکت کی۔ ڈاکٹر امیر شیخ نے واک کے اختتام پر واک کے شرکاء سے خطاب کیا اور ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ لائسنس اور قانون کی پاسداری کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کی پابندی اور قوانین کی پاسداری کے حوالے سے ضروری ہدایات دیتے ہوئے بتایا کہ روزانہ کی اوسط کے مطابق 3 افراد روڈ حادثات کی وجہ سے لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ جبکہ فور وہیلز ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ کے استعمال کو بھی لازمی قرار دیا۔ ٹریفک قوانین کی پابندی سے عوام نا صرف کسی بڑے حادثے کا شکار ہونے سے محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ انسانی جانوں کے ناقابل تلافی نقصان سے بھی بچا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر شرکا سے قانون کی پاسداری کا عہد بھی لیا۔ پولیس چیف نے مزید بتایا کہ کراچی شہر میں ون وے کی خلاف ورزی کی بنا پر تقریبا 66 ہزار لوگوں کے چالان کیے گئے اور گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں جس کا مقصد عوام کو قانون کا پابند بنانا ہے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ساؤتھ اور ڈی آئی جی ٹریفک نے بھی عوام کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کی اہمیت سے اجاگر کیا۔
![]()