اسلام آباد (رپورٹ: محمد جواد بھوجیہ) معذور افراد کی بحالی کے قومی ادارہ این آئی آر ایم میں سی ٹی سکین مشین کا افتتاح کر دیا گیا۔ منگل کو وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے افتتاح کیا۔ اس دوران وزارت اور ادارے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عامر محمود نے کہا کہ این آئی آر ایم کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کررہے ہیں، اسے بہترین ادارہ بنایا جائے گا تاکہ عوام اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو تعلیم اور صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ہیلتھ کے حوالے سے ایک ماڈل سٹی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تعلیم و صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی میں حکومت کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ وزیر صحت نے کہا کہ صحت کے شعبے میں تبدیلی بہت جلد نظر آئے گی اورصحت کا بجٹ بڑھائیں گے اس کا وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وعدہ کیا ہے ۔ پورے ملک میں صحت کا نظام بہتر کریں گے انہوں نے مزید کہا کہ انشااللہ اگلے سال تک تقریباً 3 کروڑ مستحق افراد کو ہیلتھ کارڈ دیں گے تاکہ وہ بہترین ہسپتالوں میں اپنا مفت علاج کروا سکیں۔ وفاقی وزیر صحت نے دورے کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہسپتال کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جدید طبی اور تشخیصی سہولیات میسر کی جائیں گی۔ یہ ادارہ پورے ملک کے لئے مثال ہوگا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فضل مولا نے کہا کہ وفاقی وزیر اب تک 3 بار ہسپتال کا دورہ کرچکے ہیں اور ان کی ہدایت پر جدید سی ٹی سکین مشین نصب کر دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے تمام مشینوں اور سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ہسپتال میں او ٹی سمیت مختلف شعبوں کے لئے جدید مشینیں خریدی جارہی ہیں فزیوتھراپی اور سپیچ تھراپی کے شعبے میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے-
![]()